ماہ ربیع الاول کے آغاز کی خوشی میں میلادامن ریلی کا انعقاد کیا گیا

ماہ ربیع الاول کے آغاز کی خوشی میں میلادامن ریلی کا انعقاد کیا گیا

راولپنڈی(سٹی رپورٹر) منہاج یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ماہ ربیع الاول کے آغاز کی خوشی میں میلادامن ریلی کا انعقاد کیا گیاجس کی قیادت عثمان ارشد اور قاضی احسن نے کی ،ریلی میں سینکڑوں موٹر سائیکل سوار نوجوان شریک تھے ،ریلی چاندنی چوک سے شروع ہو کر فیض آباد اور پھر وہاں سے واپس لیاقت باغ چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ،سارے رستے نوجوان درود وسلام کی صدائیں بلند کرتے رہے ،شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے منہاج یوتھ لیگ ضلع راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری عثمان ارشد نے کہاکہ سیرت رسول پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیاء وآخرت کی سعادتیں سمیٹی جاسکتی ہیں مگر جبتک شخصیت سے حد درجہ لگاؤ نہیں ہو گا سیرت پر دل سے عمل ممکن نہیں،آج کی نوجوان نسل دین کی طرف آنا چاہتی ہے مگر اسے دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق دعوت نہیں دی جاتی ،ڈاکٹر طاہر القادری کی کامیابی یہ ہے کہ انہوں نے شراب کہن جام جدید میں پلائی ۔مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے راہنماء قاضی احسن نے کہاکہ محبت رسول ایمان کا مرکز و محور ہے جس سے اگر دوری پیداہو جائے تو اسلام کی تمام عمارت دھڑام سے نیچے آگرتی ہے ، کفر اس حقیقت سے واقف ہے ،ہر دور میں فاقہ کش امت کے دل سے روح محمد ؐنکالنے کی کوششیں ہوتی رہیں، گیراؤ جلاؤ نہیں بلکہ تحفظ ناموس رسالت کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہر دل میں محبت وعشق رسول کی شمعیں روشن کی جائیں تاکہ ہماری انفرادی و اجتماعی زندگیاں سیرت رسول کے مطابق ڈھل سکیں۔ریلی سے مختلف مقامات پرشعیب مغل ،وسیم خٹک اور حافظ زبیر نے بھی خطاب کیا اور ماہ ربیع الاول کے آغاز پر تمام مسلمانوں کو مبارکباد دی ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر