مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایاجائے،مولانا محمد قاسم
راولپنڈی(سٹی رپورٹر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما،ممتاز عالم دین مذہبی اسکالر مولانا محمد قاسم نے مولانا سمیع الحق کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور ان کے لواحقین اور پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق کی شہادت پاکستان کے دینی حلقوں کے لئے بہت بڑا نقصان اور عظیم سانحہ ہے حکومت ممتاز عالم دین اور جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کو گرفتار کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچائے۔اتنے دن گزرنے کے باوجود قاتلوں کی عدم گرفتاری متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گوالمنڈی میں مولانا سمیع الحق کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف حتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی دینی ٗ علمی ٗ سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اتحاد بین المسلمین اور اتحاد اُمت کے لئے ہمیشہ صف اول میں کام کرتے تھے۔پاکستان میں دینی جماعتوں کے اتحاد میں بھی اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں وطن عزیز میں استحکام اور امن و امان کے لئے سرگرم عمل رہتے تھے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہم آہنگی اور بہتر تعلقات کے لئے اپنا اثرو رسوخ استعمال کرتے رہتے تھے آخر میں دُعا کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ مولانا سمیع الحق کی مغفرت فرمائے جملہ لواحقین اور پسماندگان کو اس صدمہ پر صبر اور حوصلہ کی توفیق عطا فرمائے۔