حصول امن کیلئے آمنہ کے لعلؐ کا منشور اپنانے کی ضرورت ہے ،پیر سید اظہار بخاری

حصول امن کیلئے آمنہ کے لعلؐ کا منشور اپنانے کی ضرورت ہے ،پیر سید اظہار بخاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی(سٹی رپورٹر)علماء امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین امن کمیٹی معروف مذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ حصول امن کیلیے آمنہ کے لعلؐ کا منشور اپنانے کی ضرورت ہے ۔ لادینی طاقتوں کا فساد ، علماء کے اتحاد سے ختم ہو گا ۔ تمام مکاتب فکر اختلاف ختم کرکے بقی پاکستان کی فکر کریں۔ قوم فرقہ وارانہ انتشار و فساد کی متحمل نہیں ہو سکتی۔پاکستان میں فرقہ پرستی نہیں ، دھشتگردی ہورہی ہے ۔ جارحیت کو جہاد سے منصوب کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ دھشتگردی کا فساد ، علماء کے اتحاد سے ختم ہو گا۔ دھشتگرد جب دھشتگردی نہیں چھوڑتے ، ہم امن کی آشا کیسے چھوڑ دیں ۔قوم کو خُون نہیں ، سکُون چاہیے۔ دنیا کفر ہمارے مسلکوں سے بے نیاز ہے ، وہ صرف نبی پاک ؐکے نام لینے والوں کو ختم کر نا چاہتے ہیں ، جب پاکستان نہیں تھا ، قوم میں یکجہتی تھی ، آج پاکستان ہے ، یکجہتی نہیں ہے ۔ ملک دشمن عناصر شیعہ و سنی فسادات کو ہوا دے کر ملکی استحکام تباہ کرنا چاہتے ہیں ، لیکن علما ء شیعہ و سنی کو لڑانے کی ہر سازش ناکام بنا دیں گے۔اظہار بخاری نے کہا اسلام شدت پسند نہیں ،جدت پسند مذہب ہے ۔ دنیا ء کفر دھشتگردی کی آڑ میں دھشتگردی پھیلانے کا سلسلہ بند کرے ۔اسلام مٹانے نہیں ،ماننے سے دھشتگردی ختم ہوگی ۔ المیہ ہے، کافر کافر سے گلے ملتا ہے ، مسلمان مسلمان کے گلے کاٹتا ہے ۔قسطوں میں بٹے ہوئے مسلمان متحد ہو جائیں ۔سیرت النبیؐ کا آئینہ سامنے رکھ کر اپنے اعمال کاخو د محاسبہ کریں ۔اور مشن رسولؐ کے مشعل بردار بن کر دنیا سے ظلمت کے اندھیرے دور کر دیں۔ پاکستان کو فساد نہیں ، اتحاد کی ضرورت ہے ۔ علماء کرام اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیں ۔اسلامی مسالک کا اتحاد ہی غیر مذاھب کا فساد ختم کر سکتا ہے ۔عالم کُفر مسلمانوں کے اخلاق،تہذیب،اور مذہبی روایات کو ختم کرنا چاہتا ہے ۔ امت مسلمہ کو اپنی خوبصورت روایات کو بچانے کے لیے عملی کردار ادا کرنا ہوگا ۔کاغذوں کو نہیں ، انسانوں کو مسلمان بنانے کی ضرورت ہے ۔آج ساری دنیا معترف ہے ، کہ رہبر انسانیت پیغمبر اسلام ؐہی وہ واحد قائدہیں ،کہ جن کی تعلیمات کا تاریخ انسانی پر سب سے زیادہ اثر ہوا ۔امت کا شیرازہ مجتمع کرنے کیلیے وسیع تر سطح پر اتفاق واتحاد کی فضا ء ہموار کر نا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے ۔تاکہ کوئی دھشتگرد ہماری امن کوششوں کو آگ نہ لگا سکے ۔