ڈاکٹر علامہ اقبال نے قرآنی تعلیمات کو اپنی شاعری میں موثر انداز میں پیش کیا‘ گلزار اعوان
راولپنڈی (سٹی رپورٹر) پا کستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے نائب صدر حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبال نے جس طرح قرآنی تعلیمات کو اپنی شاعری میں موثر انداز میں پیش کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی . ہماری نوجوان نسل کو اقبال کی شاعری کے ذریعے بھی ان اوصاف حمیدہ سے متصف کیا جا سکتا ہے جو اسلامی معاشرے کا امتیاز ہیں . اساتذہ کرام کو چائییے کہ وہ بچوں کو اقبال اور ہمارے دوسرے مشاہیر کے کردار و عمل سے آگاہ کریں اور انہیں ان کو اپنا آئیڈیل بنانے کی طرف راغب کریں تاکہ نسل نو کی صحیح تربیت ہو سکے . انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک مقامی سکول میں یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ ایک پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا . انہوں نے کہا کہ اقبال کی شاعری کا ایک ایک لفظ خانہ دل کو منور کرکے اسلام کی عظمت اور اس کے اعلی اوصاف کو دلوں میں جگہ دینے کی ایک تحریک ہے جس سے ہمیں فائدہ اٹھانا چائییے . انہو ں نے کہا کہ ہمارے بچے بے پناہ قدرتی صلاحیتوں کے حامل ہیں جن کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے اور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے . اساتذہ کرام اقبال سے راہنمائی لے کر بچوں میں یہ صلاحیتیں اجاگر کر سکتے ہیں . حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ اقبال ہمارے محسن اور پاکستان کا تصور دینے والے وہ مدبر ، سیاستدان ، دانشور اور شاعر ہیں جن کے افکار سے ایک دنیا استفادہ کر رہی ہے مگر ہم صرف ان کی شاعری سے اپنی سماعتوں کو سکون بخشنے تک محدود ہیں . اقبال کا پیغام عملی ہے مگر ہم نے اسے قول تک محدود کر رکھا ہے اور یہی ہماری بد قسمتی ہے . انہوں نے بچوں کو تاکید کی کہ وہ اقبال کو صرف پڑھنے تک محدود نہ رکھیں بلکہ ان کے پیغام کو سمجھ کر اس پر عمل پیرا ہونے کی کوشش کریں .