مفاد پرست ٹولے کی لوٹ مار سے غربت وافلاس ہے، محمد حسین محنتی

مفاد پرست ٹولے کی لوٹ مار سے غربت وافلاس ہے، محمد حسین محنتی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کلمے کی سربلندی اور قرآنی قانون کے نفاذ کے ذریعے ہی ملک میں حقیقی تبدیلی لائی جاسکتی ہے، ،مصنوعی قیادت وکرپٹ نظام کے ذریعے کوئی تبدیلی نہیں آسکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ ہالا میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قبل ازیں مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حافظ لطف اللہ بھٹو، ضلعی امیر فقیر محمد لاکھو نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر نومنتخب ضلعی امیر نے حلف بھی اٹھایا، محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ دین سے دوری اور مفاد پرست ٹولے کی وجہ سے سندھ کے عوام غربت وافلاس اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، سندھ باب الاسلام ہے، اسلام وپاکستان ایک دوسرے کے ساتھ لازم وملزوم ہیں۔قیام پاکستان کے وقت شہداء کی قربانیاں وجدوجہدکا مقصد بھی یہی تھاکہ یہاں کلمہ کی سربلندی اورقرآن وسنت کا نظام ہوگا۔انہوں نے کہاکہ امت کو سامراجی سازشوں کو ناکام بنانے اور اپنے مسائل کے حل کیلئے غیروں سے امیدیں باندھنے کی بجائے اپنا تعلق قرآن وسنت سے مضبوط جوڑنا ہوگا اسی میں ہی دنیا وآخرت کی کامیابی مضمر ہے۔حافظ لطف اللہ بھٹو نے کہا کہ دنیاوی مال ودولت بنک بیلنس نہیں بلکہ اصل کامیابی آخرت میں جنت کا حصول ہے، دنیا کی زندگی دکھاوا اور دھوکے کے سامان کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔امیر ضلع فقیر محمد لاکھو نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے جو معاشرے کی اصلاح اور اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کو نافذ کرنا چاہتی ہے، کارکن اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد کریں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر