حکومتی ایماپر لیگی قیادت کو سیا سی انتقام کا نشانہ بنا یا جا رہا ہے ، پروپز ملک

حکومتی ایماپر لیگی قیادت کو سیا سی انتقام کا نشانہ بنا یا جا رہا ہے ، پروپز ...

لاہور( سٹی رپورٹر ) مسلم لیگ ن لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک، و جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی خواجہ عمران نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ حکومت کی ایما پر لیگی قیادت اور ان کے خاندان اور پارٹی کے دیگر رہنماؤں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اس وقت صرف مسلم لیگ (ن) انتقام کے نشانے پر ہے، مفروضوں پر کیس بنائے جا رہے ہیں، اگر نیب کو تفتیش کرنے کا اتنا ہی شوق ہے تو ریکوڈک منصوبے کی تحقیقات کرے، مسلم لیگ (ن)، نوازشریف، شہبازشریف اور خواجہ سعد رفیق کے احتساب کا جو معیار ہے وہی دیگر لوگوں کیساتھ اپنایا جائے، اگر انتقام ہی لینا ہے تو ہم انتقام سے گھبراتے نہیں، ہم نے پہلے مشرف کے انتقام کا بھی سامنا کیا، اس وقت ملک میں نام نہاد جمہوری حکومت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزپارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرسید توصیف شاہ ارکان اسمبلی چوہدری شہباز،مجتبیٰ شجاع الرحمن، سعدیہ تیمور،غزالی سلیم بٹ چوہدری شہباز جاوید اقبال ،رانا احسن شرافت ،کشور باجوہ سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کنٹینر والی انتقامی سوچ، تخریبی وژن اور دشنام طرازی سے آگے سوچنے کی صلاحیت ہی نہیں رکھتے، سودن میں ملکی تقدیر بدلنے کے دعویدار ہمارے وژن 2025ء فوٹو کاپیوں پر چل رہے ہیں،عمران خان نے عوام کو جو خواب دکھایا وہ بھیانک تعبیر بن کر سامنے آ رہا ہے، معیشت کی بہتری کے نعرے لگانے والوں نے بھیک کو قومی پالیسی بنالیا،ملک میں مخالفین کو سیاسی انتقام کانشانہ بنانے کی تبدیلی لائی جارہی ہے،پی ٹی آئی حکومت کی اصل سٹریٹجی جھوٹ، جھوٹ اور مزید جھوٹ بولنا ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1