کشمیر میں بھارتی دہشتگردی پر عالم برادری نوٹس لے، عبدالغفار روپڑی

کشمیر میں بھارتی دہشتگردی پر عالم برادری نوٹس لے، عبدالغفار روپڑی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سٹی رپورٹر) کشمیر میں بھارتی دہشت گردی پر عالم برادری نوٹس لے۔ نہتے بے گناہ کشمیریوں کی نسل کشی پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حقوق انسانیت کے قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جا رہا ہے ۔ محض مسلمان ہونے اور پاکستان کے ساتھ الحاق کے حامی ہونے کے جرم میں کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ نہتے بے گناہ کشمیریوں پرتشدد، خواتین کی عصمت دری، بچوں پر بیہمانہ تشدد اور نوجوانوں کی گمشدگی کے بعد نعشوں کے ملنے کے سلسلے کو بند کرنے کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے۔ مرکزی رہنما مولانا عبدالوہاب روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باہمی انتشار اور اختلافات کے باعث مسلمان ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔ امت کا متحد ہونا موجودہ حالات کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن عناصر اسلام اور مسلمانوں کیخلاف متحد ہو چکے ہیں اور مسلمانوں کی دل آزاری کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ وقت آ چکا ہے کہ ہمیں خواب غفلت سے جاگنا ہوگا اور اسلام کے خلاف ہونے والی عالمی سازشوں کا مل کر مقابلہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے ملکی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان باہمی انتشار اور اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیں۔ انتقامی سیاست کی بجائے ملک و ملت کی ترقی کیلئے سب مل کر کردار ادا کریں۔ وطن عزیز اس وقت نازک ترین حالات سے گزر رہا ہے اور کسی بھی قسم کے باہمی انتشار یا اختلافات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔