پاکستان میں ہالینڈ کا سفارتخانہ بند کرنے کی تردید، گزشتہ ہفتے دو روز کیلئے ویزا پراسیس روکا گیا: ترجمان نے وضاحت جاری کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان میں ہالینڈ کا سفارتخانہ بند کرنے کی تردید کردی گئی اور سفارتی حکام نے بتایا کہ سفارتخانہ بند نہیں کیاگیا بلکہ دوروز کے لیے گزشتہ ہفتے پہلے طے شدہ انٹرویو ز اور نئی ویزا درخواستوں کی وصولی روکی گئی تھی اور اب سفارتخانہ کام کررہاہے۔ یادرہے کہ اس سے قبل میڈیا اطلاعات تھیں کہ ہالینڈ نے اسلام آباد میں اپنا سفارتخانہ سیکیورٹی خدشات کے بنیاد پر غیر معینہ مدت تک بند کر دیاہے ۔
دنیاٹی وی نے کہا تھا کہ ہالینڈ کے سفارتخانے نے نئے ویزہ کیلئے شیڈول تمام انٹرویوز منسوخ کر دیئے ہیں جبکہ ویزہ کیلئے درخواستوں کی وصولی بھی روک دی گئی ہے ۔
ڈان نیوز کے سفارتی ذرائع کے مطابق نیدرلینڈز کی حکومت نے سفارتی عملے کی سیکیورٹی کے پیشِ نظر بند کیا ،یورپی ملک نے ویزہ کے لیے ہونے والے تمام انٹرویوز کو بھی تاحکم ثانی روک دیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ نئی ویزا درخواستوں کی وصولی بھی روک دی گئی ہے۔ٹی وی ذرائع کے مطابق ہالینڈ حکومت کو کچھ مشکلات کا سامنا تھا جس کے پیش نظر نہ صرف سفارتخانہ بلکہ تمام قونصل خانوں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔
بعدازاں ہالینڈ کے سفارتخانے کے ترجمان نے بتایاکہ سفارتخانے کو گزشتہ ہفتے دو روز کے لئے بند کیا گیا، ویزا اور انٹرویوز کا معاملہ بھی سفارتخانے کی بندش کے باعث تاخیر کا شکارہوا تھا، سفارتخانے کی بندش کے باعث پہلے سے طے شدہ انٹرویوز بھی منسوخ کئے گئے لیکن سفارتخانہ آج کام کر رہا ہے۔