بلوچستان کے 15 اضلاع میں تین روزہ پولیومہم کا آغاز کر دیا گیا
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے بلوچستان کے 15 اضلاع میں تین روزہ مہم شروع کر دی گئی ہے۔کوئٹہ اور قلعہ عبداللہ میں گندے پانی سے لیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کر دی گئی ہے جس کے بعد ہزاروں بچوں کا پولیو سے متاثر ہونے کا خدشہ منڈلا رہا ہے۔ پولیو مہم کے کوآرڈینیٹر راشد رزاق کا کہنا ہے کہ مہم میں پانچ ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس دوران 13 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ علماء کرام سیاسی جماعتوں اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے صوبے میں پولیو کا جلد خاتمہ کریں گے۔
دوسری جانب ضلع لسبیلہ کی تحصیل حب میں پولیس مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ شبیراحمد مینگل نے ای پی آئی سینٹر حب میں بچوں کو قطرے پلاکر پولیو مہم کا افتتاح کیا۔
شبیر احمد مینگل کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان کے سرحدی شہر حب اور گڈانی میں 50 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو مہم میں 109 موبائل ٹیمیں ، 12 فکس سینٹراور 11 بس ٹرانزٹ پوائنٹ کام کررہے ہیں۔ کراچی اور اندرون سندھ سے آنے والے بچوں کو بس ٹرانزٹ سینٹرز پر قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ٹیمیں پولیو مہم کا جائزہ لے رہی ہیں۔