اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) کچھ روز قبل اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کی خبر سامنے آئی تو حکومت نے اس کی مکمل تردید کر دی تاہم اس کے بعد بھی یہ دعوے سامنے آتے رہے کہ اسرائیلی طیارہ پاکستان میں آیا تھا۔
اس معاملے کے بعد اب سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ پاکستان نے اسرائیل کو ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ صحافی عمر قریشی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں یہ دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن قومی اسمبلی عاصمہ حدید نے اسرائیلی ریاست کو تسلیم کرنے کیلئے قومی ایوان میں قرارداد بھی جمع کرا دی ہے اور یہ سب کچھ اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کا تنازعہ سامنے آنے کے کچھ دن بعد ہوا ہے۔
حکومت نے صحافی عمر قریشی کے اس دعوے کی مکمل تردید کر دی ہے اور کہا ہے کہ تمام سوشل میڈیا صارفین کا فرض ہے کہ وہ حقائق پر مبنی درست معلومات ہی شیئر کریں کیونکہ غلط خبریں پھیلانا الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016ءکے تحت قابل سزا جرم ہے۔