جاوید آفریدی نے ہاکی کی عظمت بحال کرنے کی ٹھان لی، ہائیر پاکستان 2020ءتک پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ٹیم کا ٹائٹل سپانسر بن گیا

جاوید آفریدی نے ہاکی کی عظمت بحال کرنے کی ٹھان لی، ہائیر پاکستان 2020ءتک ...
جاوید آفریدی نے ہاکی کی عظمت بحال کرنے کی ٹھان لی، ہائیر پاکستان 2020ءتک پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ٹیم کا ٹائٹل سپانسر بن گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز اور زلمی فاﺅنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی ہاکی میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کے مشن پر نکل پڑے ہیں اور قومی کھیل کی خدمت کیلئے سرگرم ہو گئے ہیں اور پہلے قدم کے طور پر ہائیر پاکستان 2020ء تک پاکستان ہاکی ٹیم اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ٹائٹل سپانسر بن گیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران اور ہائیر پاکستان کے سی ای او اور پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کے درمیان اہم ملاقات میں ٹائٹل سپانسر شپ کا اہم معاملہ طے پایا اور لاہور میں منعقد ہونے والی تقریب میں ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔ اس موقع پر جاوید آفریدی نے کہا کہ قومی کھیل دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے ماضی میں چار مرتبہ ورلڈ کپ ، تین مرتبہ چیمئینز ٹرافی اور تین مرتبہ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کا ٹیلنٹ موجود ہے اور ٹیم مستقبل میں ایک بار پھر عروج حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہائیر پاکستان 2020ءتک پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان ہاکی ٹیم کا ٹائٹل سپانسر رہے گا اور بین الاقوامی ایونٹس اور سیریز کیساتھ ساتھ ہاکی کے ڈومیسٹک ایونٹس کے انعقاد کیلئے بھی پاکستان ہاکی فیڈریشن کا بھرپور ساتھ دے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز سینئر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائیر پاکستان نے ایسے وقت میں پاکستان ہاکی کو سپورٹ کیا جس وقت اس کی اشد ضرورت تھی۔ ہائیر پاکستان کی سپانسر شپ سے جہاں انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک لیول پر پاکستان ہاکی ٹیم اور فیڈریشن کو ایونٹ کے انعقاد مدد حاصل ہوگی وہیں پاکستان کے نوجوان ہاکی کھلاڑیوں کا اعتماد بھی مزید بلند ہوگا۔ 

مزید :

کھیل -