حسن اور حسین نوا ز کے مقدمات سے متعلق برطانوی اداروں سے با ت ہوئی ہے :شہزاد اکبر
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہاہے کہ حسن اور حسین نواز کے کیسز سے متعلق برطانوی اداروں سے بات ہوئی ہے،بیرون ملک سے پیسہ واپس لائیں گے ۔
جیونیوز کے پروگرام”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ برطانوی اتھارٹی سے ایم ایل ایز پر تفصیلی بات ہوئی ہے ،میرے دورہ برطانیہ کا مقصد مرکزی اتھارٹی سے تبادلہ خیال کرنا تھا، حسن اور حسین نواز کے کیسز سے متعلق برطانوی اداروں سے بات ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حسین نواز کا انٹرویوآئی ٹی والیوم کاحصہ تھا ،بیرون ملک پیسے واپس لائے جائیں گے ، انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ جو پانچ ارب ڈالر کاسراغ لگایا گیا ہے یہ شریفوں کے پیسے ہیں بلکہ ہم بغیر نام لئے یہ بات بتارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاسی انتقام نہیں لیا بلکہ تمام کیسز پہلے سے چل رہے ہیں، سیاسی انتقام کی بات اس وقت ہی کی جاسکتی ہے جب ہم نے کوئی کیس بنایا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بیرون ملک سے پیسہ واپس لانے کیلئے کو ئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔