پشاور کے عوام کو 20ہزار کلو چوکر کھانے سے بچالیا گیا، 3افراد گرفتار
پشاور(سٹاف رپورٹر) کے پی فوڈ اتھارٹی نے خوراک گردی کا ایک اور منصوبہ ناکام بناتے ہوئے پشاور کے عوام کو بیس ہزار کلوگرام چوکر کھانے سے بچا لیا۔ ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت وزیر کا کہنا ہے کہ ملاوٹ کرنے والوں کے لئے کوئی نرم گوشہ نہیں اور اس بارے چیف سیکرٹری اور صوبائی حکومت کے واضح احکامات ہیں جس کی روشنی میں دن رات کاروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر مرادعلی نے پشاور مرچ میں منڈی میں کمپلینٹ سیل پر ملنے والی معلومات پر کاروائی کرتے ہوئے مصالحہ فیکٹر پر چھاپہ مارا جہاں مصالحہ میں چوکر کو مکس کیا جارہا تھا۔ مصالحہ میں چوکر مکس کرنے والا گروہ کو بے نقاب کرکے تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ موقع پر موجود بیس ہزار کلوگرام چوکر کو تلف کرکے فیکٹری کو سیل کردیا گیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر مراد علی کا مزید کہنا تھا کہ ملاوٹ کیخلاف جاری کریک ڈاون میں ابھی تک سب سے زیادہ ملاوٹ مصالحوں میں پائی گئی ہے اور اس بابت کاروائیاں جاری ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مصالحوں میں ملاوٹ کو روکھنے کیلئے فوڈ اتھارٹی نے پیکجنگ پالیسی مرتب کی ہے جس کے تحت کھلے مصالحہ جات کی فروخت پر پابندی عائد ہوگی اور ملاوٹ کا سدباب ممکن ہوسکے گا۔