سائنس ڈے تقریبات: صوبے میں سکول کی سطح پر سے 150زیادہ سائنس کلبزبنارہے ہیں: کامران بنگش
پشاور(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ موجودہ دور سائنس و آئی ٹی کا ہے جو ادارہ جتنا جلدی ڈیجیٹلائزیشن کی جانب جائے گا اتنا ہی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور عوام دوست بنتا جائے گا۔ محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی, صوبہ بھر کے محکمہ جات کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لئے تمام دستیاب سہولیات بروئے کار لا رہی ہے۔ سکولز سے لے کر جامعات کی سطح تک طلباء و طالبات کو مختلف قسم کی تربیت دی جارہی ہے جس کے خاطرخواہ اور دوررس نتائج بھی سامنے آرہے ہیں اسی سال ارلی ایج پروگرامنگ پراجیکٹ کے تحت سکول کے طلباء و طالبات نے پاکستان کی سطح پر خیبرپختونخوا کا نام روشن کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جتنے بھی پراجیکٹس ہیں اس میں 30 فیصدحصہ خواتین کے لئے مختص ہے۔ صوبہ بھر میں نچلی سطح پر سائنس و آئی ٹی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے محکمہ سائنس و آئی ٹی کے ڈائریکٹر جنرل خالد خان کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گلبہار نمبر2 پشاور میں سائنس ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب میں کیا۔ صوبائی معاون کامران بنگش نے اس موقع پرگورنمنٹ گرلز ہائی سکول گلبہار نمبر2 پشاور میں سائنس کلب قائم کرنے پر سکول کے پرنسپل کو پچاس ہزار روپے بھی دئیے۔ کامران بنگش نے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ پہلے مرحلے میں تمام صوبے کے 156 سکولوں میں سائنس کلبز بنائیں گے جس سے طلباء و طالبات کو سائنس کے حوالے سے بہترین ماحول فراہم ہوگا۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل محکمہ سائنس و آئی ٹی خالد خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت محکمہ سائنس و آئی ٹی کی بہترین ٹیم صوبے کی عوام کی خدمت کررہا ہے۔ صوبے کی تاریخ میں پہلی دفعہ سرکاری سطح پر سائنس ڈے منانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ سائنس و آئی ٹی ٹیم متحرک ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے اس موقع پر سائنس و آئی ٹی کے بارے تیار کی گئی گائیڈ بک سکول انتظامیہ کو حوالے کی اور خالد خان کے ہمراہ سائنس ڈے کے حوالے سے لگائے گئے سٹالز پر گئے۔