ڈیرہ، دہشتگرد حملوں میں شہداء کے واقعات کی رپورٹ طالبان تحریک کیخلاف مقدمہ درج

  ڈیرہ، دہشتگرد حملوں میں شہداء کے واقعات کی رپورٹ طالبان تحریک کیخلاف ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
ڈیرہ اسما عیل خان(بیورورپورٹ)تحصیل کلاچی کے علاقہ ٹکواڑہ میں پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشتگردوں کے حملے کے دوران شہید ہونے والے دو پولیس کانسٹیبلان کی شہادت کے واقعے کی رپورٹ سی ٹی ڈی پولیس نے دہشتگردی ایکٹ اور قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقامی کالعدم تحریک طالبان گنڈہ پور گروپ کیخلاف درج کرلی ہے۔ چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کے علاوہ دیگر موجود اہلکاروں نے جوانمردی سے دشمن کے بزدلانہ وار کا مقابلہ کیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو حملہ آوروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز رات گئے تحصیل کلاچی کے علاقہ ٹکواڑہ میں 8سے دس مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ٹکواڑہ پولیس چیک پوسٹ پر چار اطراف سے اچانک حملہ کیا۔ اس حملے میں دو پولیس اہلکار کانسٹبل محمد یوسف اور محمد بلال شہید ہوگئے جبکہ موقع پر موجود دیگر پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے دہشتگرد پسپا ہوگئے اور انکے دو ساتھیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جن کو یہ اپنے ہمراہ لے گئے۔ ڈی پی او ڈیرہ دلاور خان بنگش نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس دہشتگردوں کی تلاش کیلئے مختلف علاقوں میں ان کا پیچھا کر رہی ہے، یہ دہشتگرد اب چھپ رہے ہیں اور پولیس انکا پیچھا کر رہی ہے۔ ادھر سی ٹی ڈی پولیس نے ٹکواڑہ میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے اور دو پولیس اہلکاروں کی شہادت کا مقدمہ دہشتگردی ایکٹ اور قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقامی کالعدم تحریک طالبان گنڈہ پور گروپ کے خلاف درج کرلیا گیا۔