ایم کیو ایم کے مفرور رہنما بابر غوری کیخلاف نیب کا گھیرا مزید تنگ
کراچی(این این آئی)متحدہ قومی موومنٹ کے مفرور رہنمابابر غوری کیخلاف نیب نے گھیرا مزید تنگ کر دیا، سابق وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کیخلاف ایک اور انکوائری شروع کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے پورٹ قاسم اتھارٹی میں غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات کا فیصلہ کر لیا ہے، بابر غوری وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ تھے، نیب نے ان کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ نیب نے اس سلسلے میں پورٹ قاسم اتھارٹی سے 2008 میں ہونیوالی بھرتیوں کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے، نیب ذرائع کا کہنا ہے بابر غوری نے اپنے دور میں 870 غیر قانونی بھرتیاں کیں، اس کے علاوہ انہوں نے من پسند افسران کو گریڈ 19 اور 20 میں ترقیاں بھی دیں۔واضح رہے سابق وزیر بابر غوری کیخلاف ایک نیب ریفرنس پہلے سے زیر سماعت ہے، جس میں انہیں مفرور قرار دیا گیا ہے۔پچھلے برس بابر غوری و دیگر کیخلاف 3 ارب وپے سے زائد کی کرپشن کے الزام کے تحت نیب کی جانب سے دائر کیا گیا،ریفرنس احتساب عدالت نے سماعت کیلئے منظور کر لیا تھا اور ایم کیو ایم رہنما کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے تھے۔ملزمان پر 2012 میں کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) میں 940 غیر قانونی بھرتیوں کا الزام تھا، جس سے قومی خزانے کو 2 ارب 88 کروڑ 55 لاکھ کا نقصان پہنچا تھا۔
بابر غوری