سکاٹ لینڈ، گلاسکو میں آتشزدگی، تین منزلہ عمارت جل کر راکھ
گلاسکو(آئی این پی)اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو کے ایک علاقے کی رہایشی عمارت میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث تین منزلہ عمارت منہدم ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات گلاسگو کے جنوبی علاقے پولک شیلڈز میں البرٹ کراس پر ایک رہایشی عمارت میں خوف ناک آگ بھڑک اٹھی، گراونڈ فلور پر موجود دکان سے لگنے والی آگ نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا تھا۔آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا، آگ نے اردگرد کے فلیٹس کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا، رپورٹس کے مطابق پولک شیلڈز کے علاقے میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی بھی مقیم ہیں۔حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم نے لوگوں کو کرین کی مدد سے عمارت سے اتارا، تاہم آتش زدگی کے باعث پوری تین منزلہ عمارت جل گئی اور بعد ازاں منہدم ہو گئی۔مقامی نیوز رپورٹس کے مطابق آتش زدگی کے اس واقعے میں ایک شخص دھوئیں کے باعث متاثر ہوا ہے جسے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔واضح رہے کہ رواں ہفتے آسٹریلیا کی دو مختلف ریاستوں سڈنی اور برسبین میں بھی 80 مقامات میں آگ لگ گئی ہے جس پر تاحال قابو نہیں پایا گیا ہے، اس آتش زدگی میں تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جب کہ ایک ہزار فائر انجن، 100 سے زیادہ طیارے اور ہیلی کاپٹر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔آسٹریلوی حکام کے مطابق جنگلات میں آگ لگنے کے باعث 150 سے زائد مکانات جل کر تباہ ہو گئے ہیں، مقامی افراد امدادی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
گلاسکو / آگ