بجلی نادہندگان کیخلاف آپریشن، 1ارب 16کروڑ روپے سے زائد ریکوری

بجلی نادہندگان کیخلاف آپریشن، 1ارب 16کروڑ روپے سے زائد ریکوری

  



پشاور(سٹاف رپورٹر))وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے قائم کردہ صوبائی انرجی ٹاسک فورس نے جاری آپریشن کے دوران بجلی نادہندگان سے اب تک 1 ارب16کروڑ روپے سے زائد کی ریکارڈ وصولی کرکے قومی خزانے میں جمع کرادی ہے جبکہ بجلی کے لئے زیر استعمال 30 کروڑ روپے کے آلات بھی قبضے میں لیے گئے ہیں۔آپریشن کے دوران 25 ہزار354 سے زائد ڈائریکٹ کنڈے بھی ہٹالئے گئے ہیں جس سے صوبے میں بجلی کے نظام میں بہتری آنے کے ساتھ ساتھ لوڈشیڈنگ میں مثبت کمی واقع ہوئی ہے اوربجلی کی بچت سے شارٹ فال پر بھی بڑی حدتک قابوپالیاگیاہے۔اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری توانائی وبرقیات محمدزبیرخان کی سرپرستی میں قائم صوبائی انرجی ٹاسک فورس کابجلی نادہندہ گان کے خلاف آپریشن تیزی سے جاری ہے۔صوبائی انرجی ٹاسک فورسک کی رپورٹنگ اینڈمانیٹرنگ کے سربراہ ایڈیشنل سیکرٹری توانائی ظفرالاسلام خٹک،ٹیم لیڈرسیف اللہ وزیر،چیف کوآرڈینیٹر ملک شجاع الدین سمیت معاونین طارق خان،عبیدخان اورعثمان نویدپر مشتمل ٹیم کی جاری کردہ رپورٹ واعدادوشمار کے مطابق صوبائی انرجی ٹاسک فورس نے صوبے کے تمام اضلاع میں بجلی نادہندگان سے ریکوری اوربجلی کے ناجائز استعمال کی روک تھام کے لئے جاری آپریشن کے دوران اب تک ریکوری کرتے ہوئے1ارب16کروڑ روپے سے زائد کی رقم قومی خزانے میں جمع کرادی ہے جبکہ 30کروڑ روپے کے بجلی آلات بھی قبضہ کرلئے گئے ہیں۔آپریشن کے دوران 560افرادکوبھی گرفتارکرلیا گیا ہے جبکہ2061افرادکے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔اسی طرح بجلی کے ناجائزاستعمال کی روک تھام کے لئے مختلف اضلاع میں 25,354کنڈے ہٹائے گئے ہیں۔سیکرٹری توانائی محمدزبیر خان نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع کی ضلعی انتظامیہ اورپیسکوکی ٹیموں نے صوبائی انرجی ٹاسک فورس کے تعاون سے جاری آپریشن میں بڑی حد تک کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کے مثبت نتائج مرتب ہورہے ہیں جس میں ایک طرف لوڈشیڈنگ میں کمی آنے کے ساتھ ساتھ بجلی کی بچت سمیت شارٹ فال پر بڑی حد تک قابوپالیاگیاہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر