ربیع الاول کے مہینے میں کشمیر یوں کا قید رہنا شرمناک ہے،حبیب عرفانی

  ربیع الاول کے مہینے میں کشمیر یوں کا قید رہنا شرمناک ہے،حبیب عرفانی

  



لاہور (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری مذہبی امور سجادہ نشین سندر شریف پیر سید محمد حبیب عرفانی نے کہا ہے کہ حضورؐ آپ جس کے ہوئے رب بھی اُس کا ہوا، جس کا رب ہوا کونین کی خیروبرکت اُس کے جلو میں چلی۔ربیع الاول کے مبارک مہینے میں بھی لاکھوں کشمیریوں کو گھروں میں قید رکھنا شرمناک اقدام ہے۔

، عالمی برادری بھارت پر کرفیو اٹھانے کیلئے دباؤ ڈالے۔ کرتارپورراہداری کا افتتاح کر کے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اپناوعدہ پورا کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن عید میلاد النبی ؐ کے سلسلے میں دربار بابا عرفانی ؒ سندرشریف میں محفل نعت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید حبیب عرفانی نے کہا اسلام غیر مسلموں کی جان و مال کی حفاظت اور انہیں مکمل مذہبی آزادی دیتا ہے یہی ہمارے نبی کریم ؐ کی تعلیمات ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر دنیا میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا آپ ؐ ایسا روشن چراغ ہیں کہ ازل سے ابد تک ہر شے آپ ؐہی کے نور سے روشن ہے، عرش سے فرش تک اور مکاں سے لامکاں تک ذات محمدی ؐکی جلوہ گری ہے۔محفل کے تمام انتظامات کی نگرانی صاحبزادہ سید محمد اخیار حبیب عرفانی نے کی۔ نقابت کے فرائض حافظ محمد اکبر نے ادا کیے، تلاو ت قرآن پاک قاری غلام حسین حسینی نے کی،حمد رفاقت علی فریدی نے پیش کی، نعت مبارک امتیاز، سید امجد حسین بخاری، عثمان،محمد شوکت خیال قادری نے پیش کی۔اس موقع پر مریدین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ دربار بابا عرفانی ؒ پر عید میلاد النبی ؐ کی خوشی میں زبردست چراغاں کیا گیا۔محفل کے اختتام پر سجادہ نشین سندر شریف پیر سید محمد حبیب عرفانی نے کشمیریوں کی آزادی، عالم اسلام اور ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1