12ربیع الاول کا دن مسلمانوں کیلئے عید کی حیثیت رکھتا ہے،خاور محمود
لاہور (پ ر) دی لاہور لائسیم سکول گلبرک کیمپس کے ڈائریکٹر سپورٹس خاور محمود نے کہا ہے کہ جشن میلاد النبی ؐکا دن مسلمانوں کیلئے عید کے دن کی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ سرور کائنات حضرت محمد مصطفیؐ دُنیا میں تشریف لائے اور آپ ؐنے پوری دُنیا کو دین اسلام کی روشنی سے منور کیا، نبی کریم ؐکی آمد سے جہالت اور گمراہی کا خاتمہ ہوالہٰذاتعلیمات محمد ی ؐ کو فروغ دیکر معاشرے میں امن وسلامتی کی شمع روشن کی جاسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن میلاد النبیؐکے موقع پر منعقدہ محفل میلاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ پر عمل کئے بغیر دُنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
، رسولؐ نے دُنیا سے جہالت اور تاریکی کا خاتمہ کرکے امن کا پیغام دیا اور اللہ کی زمین پر اللہ کے بندوں کو اللہ کے احکامات پر عمل پیرا ہونے کی طرف راغب کیا، اُمت مسلمہ کی کامیابی کا انحصار اللہ تعالیٰ کے احکامات یعنی قرآن مجید اورحضرت محمد ؐکی سیرت طیبہ پر عمل کرنے میں مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول ہمیں محبت، اخلاق، امن و سلامتی، بھائی چارے کا درس دیتا ہے،سنت نبوی ؐپر عمل پیرا ہوکر دُنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے، جشن میلاد النبی ؐمنانا مسلمانوں کے ایمان وعقیدے کا تقاضا ہے سرکار دو عالم حضرت محمدؐکی ذات اقدس پوری کائنات کیلئے نعمت عظمیٰ ہے اور نعمتوں کے عطا ہونے پر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں شکر ادا کرنا اور خوشیوں کا اظہار کرنا اہل ایمان کا طریقہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے آخری پیغمبر حضرت محمد ؐ سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے محبت ہی ایمان کا تقاضا، مومن کا حقیقی سرمایہ اور دُنیا وآخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے لہٰذا عشق رسول ؐ کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی زندگیاں جناب رسالت مآب ؐ کی تعلیمات کے مطابق بسر کریں۔