ڈینگی مریضوں کیلئے ٹیسٹوں کی سہولیات مزید بہتر بنائیں گے،پروفیسر زرفشاں
لاہور(جنرل رپورٹر)ڈینگی کے مریضوں کیلئے ٹیچنگ ہسپتالو ں میں سیروٹائپ پی سی آرٹیسٹ (Serotype PCR)کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے اور ان میں اضافہ کرنے کیلئے حکومت تمام ممکن اقدامات کرے گی - ٹیچنگ ہسپتالوں کے شعبہ پتھالوجی کے ماہرین سے سفارشات طلب کرلی ہیں جو محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو پیش کی جائیں گی -یہ بات ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے IPH کمیٹی روم میں صوبے کے تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کے شعبہ پتھالوجی کے ڈاکٹرز کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی -چلڈرن ہسپتال کے پروفیسر آف ہیماٹالوجی ڈاکٹر نثار، جناح ہسپتال کی پروفیسر آف پتھالوجی ڈاکٹر فوزیہ اصغر ودیگر نے شرکت کی۔
اور سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ڈاکٹر شہلا لطیف نے بھی شرکت کی - پروفیسر نثار کا کہنا تھاکہ سیرو ٹاپ ٹیسٹ کی سہولیات سینٹر لائز ہونا چاہیے تاکہ وسائل کا ضیاع بھی نہ ہو اور معیار بھی قائم رہے - پروفیسر نثار کا مزید کہنا تھا کہ پی سی آر سیرو ٹائپ ٹیسٹوں کی زیادہ ضرورت ڈینگی کی وباء کے دوران ہی پڑتی ہے - پروفیسر شہلا لطیف نے تجویز پیش کی کہ پی سی آر ٹیسٹ کیلئے کٹس کی خریداری مرکزی طو رپر کی جائے جبکہ پروفیسر فوزیہ اصغر کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے مریضوں کے پی سی آر ٹیسٹ کرنے کیلئے مرکزی لیبارٹری کے ساتھ ساتھ سیٹلائٹ سینٹرز بھی قائم کئے جائیں تاکہ وقت کی بھی بچت ہوسکے - ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ٖٓIPH نے کہاکہ تمام ٹیچنگ ہسپتالو ں کے شعبہ پتھالوجی کے ماہرین کا اجلاس منعقد کرنے کا مقصد یہی ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پی سی آر سیرو ٹائپ ٹیسٹ کی سہولیات میں اضافہ اور سسٹم میں پائے جانے والے گیپس کو دور کرنے کیلئے مربوط Consolidated سفارشات تیارکرکے حکومت کو پیش کی جائیں تاکہ سفارشات کی روشنی میں مزید اقدامات کئے جاسکیں -