الحمراء میں بابا گورو نانک کے 550ویں جنم دن کے حوالے سے نمائش کا انعقاد
لاہور(فلم رپورٹر)لاہورآرٹس کونسل الحمراء میں بابا گورونانک کے 550ویں جنم دن کے حوالے سے یونیورسٹی کالج آرٹ اینڈ ڈئزائن پی یو کے نوجوان مصوروں کے بنائے فن پاروں کی نمائش بعنوان ”پرگٹ“ کا انعقاد کیا گیا۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے وی سی پی یو ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹرلاہورآرٹس کونسل الحمراء اطہرعلی خان کے ہمراہ نمائش کا انعقا دکیا۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نوجوان مصوروں کا کام دیکھا اور اسے بھرپور سراہا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی ؐ کا یوم ولادت مذہبی شایان وشوکت سے منایا گیا،آپؐ نے اقلیتوں کے ساتھ مساوی سلوک کرنے کا درس دیا، جس پر عمل پیرا ہیں،قائداعظم محمد علی جناح کے افکار کے مطابق پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والے کو مکمل آزادی ہے۔ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء اطہرعلی خان نے اس موقع پر کہا کہ بابا گورونانک نے سچائی،مساوات،محبت اور اعلیٰ سماجی اقدار اپنانے کا درس دیا،نمائش میں آویزاں فن پارے بابا گورونانک کی تعلیمات،افکار کے عکاس ہیں۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اپنے تاثرات میں کہا کہ طلبہ نے اپنے کام میں سکھ برادری کی مذہبی،سماجی اور ثقافتی روایات کو اجاگر کیا۔نمائش میں 35 نوجوان آرٹسٹوں کا کام آویزاں کیا گیا جسے دیکھنے والوں کا بڑی تعداد نے دیکھا اور پسند کیا۔