قومی انڈر 19تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ سندھ نے جیت لیا

قومی انڈر 19تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ سندھ نے جیت لیا

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر)سندھ نے قومی انڈر19 تین روزہ ٹورنامنٹ جیت لیا،رانا نوید کرکٹ اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلے گئے قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں سندھ نے ناردرن کو 7وکٹوں سے شکست دے دی۔ سندھ کے اسپنرز عامر علی اور آرش علی خان نے مشترکہ طور پر میچ میں 18 وکٹیں حاصل کیں۔میچ کے آخری روز ناردرن نے 6وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو پوری ٹیم 131 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سندھ کی جانب سے پہلی اننگز میں 5وکٹیں حاصل کرنے والے اسپنرعامر علی نے دوسری اننگز میں 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔آرش علی خان نے میچ میں 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پہلی اننگز میں 16 رنز کے خسارے کے باعث سندھ کو دوسری اننگز میں جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف ملا۔ اوپنر صائم ایوب کی نصف سنچری کی بدولت سندھ نے مطلوبہ ہدف 33ویں اوور میں 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ صائم ایوب نے 11 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔ پہلی اننگز میں ناردرن کے220 رنز کے جواب میں سندھ کی ٹیم 204 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرسندھ کے اسپنر عامر علی کو مین آف دی فائنل کا انعام دیا گیا۔ایونٹ میں 166 رنز اور 24شکار کرنے والے ناردرن کے مہران ممتازکو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ 433رنز اسکور کرنے پر سندھ کے بلے باز محمد طحہٰ خان کو ایونٹ کے بہترین بیٹسمین اور 35 وکٹیں حاصل کرنے والے سدرن پنجاب کے حارث جاوید کو بہترین باؤلر کا انعام دیا گیا۔ وکٹوں کے پیچھے 25 شکار کرنے پر ناردرن کے رضا المصطفیٰ کو ایونٹ کا بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی