لاہور،فاطمہ گروپ کے اشتراک سے قومی نیزہ بازی چیمپئن شپ کا افتتاح

  لاہور،فاطمہ گروپ کے اشتراک سے قومی نیزہ بازی چیمپئن شپ کا افتتاح

  



لاہور (پ ر) فاطمہ گروپ اور ایکویسٹرین فیڈریشن آف پاکستان کے اشتراک سے لاہور میں تیسری سرسبز قومی نیزہ بازی چیمپئین شپ 2019 کی افتتاحی تقریب کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے۔ اس چیمپیئن شپ کی افتتاحی تقریب لاہور میں ستلج رینجرز (پنجاب) کے ہیڈکوارٹرز کے پولو اور نیزہ بازی کے گراؤنڈ میں 11 نومبر 2019 بروز پیر منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل ثاقب محبوب ملک نے اہم شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی موجودگی میں افتتاح کیا۔ اس ملک گیر مقابلے میں پاکستان بھر سے 1200 سے زائد گھڑ سوار اور 300 ٹیمیں حصہ لیں گی اور وہاں موجود حاضرین پانچ روز تک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں سے محظوظ ہوسکیں گے۔فاطمہ گروپ کی نیشنل مارکیٹنگ منیجر رابیل سدوزئی نے کہا، "پاکستان کے تین اولین فرٹیلائزر کنسورشیمز میں شامل فاطمہ گروپ ملک کی دیہی آبادی میں مضبوط جڑیں رکھتا ہے۔ ہمارا مشن یہ ہے کہ پاکستان کے کسانوں میں انکے پسندیدہ کھیل نیزہ بازی کو مزید ترویج دینے کے لئے تعاون فراہم کرکے ان کا دل جیتا جائے۔

، کیونکہ اس کھیل سے انکی دیہی ثقافت اور پہچان ظاہر ہوتی ہے۔ ہم ایکویسٹرین فیڈریشن آف پاکستان کے ساتھ مل کر اس روایتی کھیل کی بحالی اور اسے عام عوام میں مقبول بنانے کے لئے کام کررہے ہیں۔ اس مقابلے میں پاکستان بھر سے تقریبا 1200 گھڑسوار شرکت کررہے ہیں جن کے گھوڑے سر تا پیر زیورات کی زیب و آرائش سے لیس دِکھتے ہیں۔ ہم پاکستان میں نیزہ بازی کے کھیل کو دوبارہ عروج پر پہنچانے اور اسے قومی سطح کا کھیل بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔" یہ چیمپیئن شپ پانچ روز تک جاری رہے گی اور اس دوران محفوظ اور خوشگوار ماحول میں فیملیز اور افراد مختلف تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

۔ ان مقابلوں سے ہٹ کر بھی فیملیز شام میں دلچسپ سرگرمیوں بشمول روایتی تفریحی پرفارمنسز سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ اس چیمپیئن شپ میں ہر خاص و عام شرکت کرسکتا ہے۔ یہ چیمپیئن شپ 15 نومبر بروز جمعہ کی شام تک جاری رہے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی