پھل‘ سبزیوں کی فری ہوم ڈلیوری‘کمپنیوں سے تجاویز طلب
ملتان(نیوز رپورٹر)اولیاؤں کے شہر ملتان کے باسی اب ہول سیل ریٹ پر پھل اور سبزیاں آن لائن خرید سکیں گے۔منڈی کے ریٹ پر خریدی گئی سبزیاں اور فروٹ گھر کی دہلیز پر پہنچائی جائیں گی۔صارفین اپنے موبائل پر ”قیمت“ ایپ ڈاون لوڈ کرکے روزانہ نوٹیفائی ہونے والے ریٹ چیک کر سکتے ہیں اور حکومت کے مقررہ نرخوں پر سبزی اور فروٹ حاصل کرنے کے لیے شہری کمپنی کی ویب سائیٹ(بقیہ نمبر23صفحہ12پر)
پر آرڈر دیں گے۔کمپنی ہوم ڈیلیوری سسٹم کے تحت سبزی یا فروٹ خریدار کے گھر پہنچا دے گی۔ڈپٹی کمشنر ملتان عامرخٹک کی ہدایت پرایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی نے مختلف کمپنیوں سے تجاویز طلب کر لی ہیں۔شرائط کے مطابق کمپنی کے پاس ڈیلیوری کے لئے انفراسٹرکچر کا ہونا ضروری ہے۔فرم یا کمپنی خریدارسے کوئی ڈیلیوری چارجزوصول نہیں کرے گی۔آرڈر کی گئی سبزی یا فروٹ اسی دن خریدار کے گھر پہنچانا لازم ہو گا۔مارکیٹ کمیٹی کے سٹاف کو کمپنی کی مانیٹرنگ کا اختیارحاصل ہو گا۔کامیاب قراردی جانے والی کمپنی 15 یوم کے اندرآپریشن شروع کرنے کی پابند ہوگی۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ہوم ڈیلیوری سسٹم کے بارے بتایا کہ اس سسٹم کا مقصد کسان اور عوام کومڈل مین سے نجات دلانا ہے۔پرچون فروش زیادہ منافع کمانے کے لالچ میں پھل اور سبزیاں مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں جبکہ آڑھتی کولڈسٹوریج کی آڑ میں ذخیرہ اندوزی کرکے اشیاء کی قلت پیدا کر دیتے ہیں۔ہوم ڈیلیوری سسٹم سے آڑھتی اورمہنگے داموں اشیاء فروخت کرنیوالے پرچون فرو ش کاکردار ختم ہو جائے گا۔عامرخٹک نے بتایا کہ یہ سہولت مارکیٹ کمیٹی ملتان کی شہری حدود کے اندرحاصل ہو گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہوم ڈیلیوری سسٹم کا آغاز ملتان سمیت پنجاب کے پانچ بڑے شہروں میں کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سبزی و فروٹ منڈی میں بہت جلد فارمرز مارکیٹ بھی قائم کی جائے گی۔کسان براہ راست اپنی اجناس فارمرز مارکیٹ میں فروخت کر سکیں گے۔دوسرے مرحلے میں تحصیل سطح پر شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں بھی منڈیوں میں فارمرز مارکیٹ قائم کی جائیں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو سبق سکھانے کے لیے کمربستہ ہے۔
ہوم ڈلیوری