لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ق)کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے کہا ہے کہ ماحولیات کو تعلیمی نصاب میں لازمی مضمون بنایا جائے، نئے قومی تعلیمی نصاب میں ہر سطح پر طلبہ و طالبات کو موسمی تبدیلی اور اس کے اثرات سے نبرد آزما ہونے کی تعلیم اور عملی تربیت آج فراہم کرنے سے ہی ہم اپنا کل محفوظ اور بہتر رکھ سکیں گے، نوجوان نسل کو ماحولیات کی تعلیم ویسے ہی دی جائے جیسے اردو، انگریزی، سائنس وغیرہ کے لازمی مضامین میں دی جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مونس الٰہی نے ایکو فرینڈز پاکستان کی ماحول دوست و آگاہی مہم پر ٹیم لیڈر رضوان ممتاز علی سے تفصیلی بریفنگ کے بعد کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ق) پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے پاکستان میں ماحول کی بہتری اور موسمی تبدیلی سے بچاؤ کیلئے اہم ترین عملی اقدامات کے علاوہ پالیسی سازی کی ہے، اس امر کے معترف نہ صرف پاکستان کے عوام بلکہ بین الاقوامی ادارے بھی ہیں۔ انہوں نے ایکو فرینڈز گوجرانوالہ کی اپنے شہر کے تعلیمی اداروں میں بے مثال ماحول دوست و آگاہی مہم کو بے حد سراہا اور ٹیم کو مبارکباد باد دی۔ بریفنگ میں احمد فاران خان، سید شاکر حسین شاہ اور شمائل عباس بھی موجود تھے۔
مونس الٰہی