بیمار قیدیوں کی رہائی کے لئے دائر درخواست چیف سیکرٹری پنجاب کو ارسال
لاہور(نامہ نگارخصوصی) لاہورہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر رہائی کے بعد ملک بھر میں 10 ہزار بیمار قیدیوں کی رہائی کے لئے دائر درخواست چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجوا تے ہوئے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار کا موقف سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔جسٹس رسال حسن سید نے عوام دوست پارٹی کے انجینئر محمد الیاس کی درخواست پر سماعت کی،جس میں کہا گیا تھا کہ ملک بھر میں 10 ہزار سے زائد قیدی مختلف بیماریوں میں مبتلا سزا کاٹ رہے ہیں، جیلوں میں قیدیوں کو علاج کی مناسب سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں، درخواست گزار نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ آئین کے تحت سب شہری برابر ہیں اور ان سے امتیازی سلوک نہیں کیا جاسکتا، ایسا کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ میاں نواز شریف کی طرح دیگربیمار قیدیوں کو بھی ضمانت پر رہا کیاجائے۔