بھارت میں فضائی آلودگی سے شہری پریشان، بتوں کو ماسک پہنا دیئے گئے 

  بھارت میں فضائی آلودگی سے شہری پریشان، بتوں کو ماسک پہنا دیئے گئے 

  



نئی دہلی(این این آئی)بھارت میں فضائی آلودگی نے جہاں شہریوں کو پریشان کررکھا ہے وہیں دیوی دیوتاوں نے بھی اپنے چہروں پر ماسک پہن لیے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے شہر بنارس جسے اب واراناسی کہا جاتا ہے، اس کے مشہورشو پاروتی مندر میں رکھے دیوی اور دیوتاوں کو سفید ماسک پہنادیے گئے ہیں۔ ان میں دیوتا شیوا، دیوتی درگا اور سائیں بابا شامل ہیں۔وزیراعظم نریندر مودی کے حلقہ انتخاب بنارس کے ایک مندر کے پنڈت ہریش مشرا نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ فضا میں زہریلے مواد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس سے محفوظ رکھنے کے لیے ہم دیوی دیوتاوں کو ماسک پہنانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔پنڈت پریش مشرا نے مزیدبتایا کہ سردیوں میں ہم ان مورتیوں کو کمبلوں سے ڈھانپ دیتے ہیں تاکہ یہ سخت سردی سے محفوظ رہیں۔ ماسک پہنے ان دیوی دیوتاوں کی وجہ سے مندر میں لوگوں کی آمد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے  مزیدبتایا کہ ان دیوی دیوتاوں کو ماسک پہنے دیکھ کر شہریوں کی بڑی تعداد نے فضائی آلودگی سے خود کو بچانے کے لیے ماسک پہن لیے ہیں۔عالمی تنظیموں کی جانب سے جاری کردہ آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں بھارتی شہر پہلے ہی شامل ہیں، جہاں ہر شخص اپنے منہ پر ماسک لگائے فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے بچنے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے۔دوسری جانب بھارتی حکومت کی جانب سے بھی فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

فضائی آلودگی

مزید : صفحہ آخر