دین محمدی کو پھیلا نے کا سلسلہ ترک کرنے پر امت رسوائی سے دوچار ، مولانا ابراہیم
رائےونڈ (نمائندہ پاکستان)مولانا ابراہیم نے کہا کہ دین محمدی کو پھیلانا امت کا اولین فریضہ ہے مگر اسی کام کو چھوڑ کر امت مسلمہ ذلیل و رسوا ہو رہی ہے جبکہ دعوت و تبلیغ کا مشن ہی دنیا بھر میں اسلام کو زندہ رکھے ہوئے ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رائیونڈمیں عالمی تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کےلئے دنیا کی تمام چیزوں کو مسخر کر دیا ، آگ پانی چرند پرند جانور حتیٰ کہ ہر چیز انسان کے تابع کردی گئی اوراس کا مقصد صرف ایک ہی ہے کہ انسان اللہ کی تعریف کرتا رہے اور اس کے رسول کے بتائے ہوئے طریقوں پر زندگی گزارنے کو اپنا اصول بنالے جبکہ اسوہ حسنہ کو اپنائے بغیر دنیا و آخرت کی کامیابی ممکن ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دعوت و تبلیغ کی روح امر بالمعروف ونہی عن المنکر ہے ،ہمیںنیکی کرنے کےساتھ ساتھ برائی کو روکنے کے لیے بھی تمام تر مساعی بروئے کار لانا ہوگی ۔تب ہی ایک مسلمان اپنے صحیح ایمان تک پہنچتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر کام میں اللہ کی مدد کو شامل حال رکھیں، حضور محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنتوں کو زندہ کرنا ہوگا۔اخلاق کا دامن کبھی ہاتھ سے چھوٹنے پائے۔ تفرقہ بازی میں مت پڑیں اور اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جنت کی کھیتی ہے یہ وہ امتحان گاہ ہے کہ جس میں پرچے کے سوالات کے تمام جوابات بھی ساتھ ہی بتادئےے گئے ہیں،اب کتنا بد نصیب ہے وہ انسان جو پھر بھی اتنے سستے داموں ملنے والی جنت کو کھودے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد پورے کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔ اپنے اہل خانہ کا خیال رکھنا اور ان کےلئے رزق حلال کمانے کی کوشش کرنا بھی عبادت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کافروں کے ساتھ ساتھ اسلام کا سبق بھولے ہوئے مسلمانوں کو بھی دینے کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر اجتماعی نکاح بھی پڑھائے گئے، اجتماع کے دوران2 افراد طبی موت مر گئے جنہیں وصیت کے مطابق تبلیغی مرکز رائیونڈ کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔مولانا محمد ابراہیم نے اجتماعی دعا کے دوران بہترین ذمہ داریاں ادا کرنے پر تبلیغی اجتماع کے کارکنوںاور سرکاری اداروں کے افسروں و اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا ۔مولانا محمد ابراہیم نے اجتماعی دعا کے دوران کشمیر فلسطین برما اور دیگر مسلمان ممالک میں امت مسلمہ پر ہونے والے مظالم پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے امت مسلمہ کےلئے آسانیاں پیدا کرنے کی دعا بھی کی ۔اجتماع کے اختتام پر پولیس کیمپ میں شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے گئے۔تبلیغی جماعت کے کارکن پنڈال کی جگہ پر پھیلی گندگی اٹھانے اور صفائی کیلئے گزشتہ روز بھی لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سینکڑوں اہلکار وں کے ہمراہ مصروف عمل رہے ۔
رائیونڈ اجتماع