عوام کو نام نہاد مہنگائی سے بچانے کیلئے پنجاب حکومت کابڑا اقدام
لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس منعقد ہوا۔جس میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ،ٹاسک فورس کے فیصلوں پر عملدرآمد اورپرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے بڑا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت صوبے میں قائم 32ماڈل بازار، کسان مارکیٹیں پورا ہفتہ کھلی رہیں گی جہاں پور اہفتہ عوام کو معیاری اشیاء ضروریہ سستے داموں ملیں گی۔صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں آئندہ تین روز میں اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی اور دکانوں پر قیمتوں کے حوا لے سے پینا فلیکسزیقینی بنائے جائیں۔متعلقہ ادارے خواب غفلت سے بیدار ہو ں اور ا پنی ذمہ داری نبھائیں۔گرانفروشوں و ذخیرہ اندوز وں کیخلاف پوری قوت سے کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ آن لائن ہوم ڈلیوری سسٹم پر کام کا آغاز ہو چکا،اس سسٹم کے تحت صوبے کے پانچ بڑے شہروں میں عوام کو سبزیاں،پھل اور دیگر اشیاء گھروں میں فراہم کی جائیں گی۔مختلف اضلاع میں 30کسان مارکیٹیں فعال کر دی گئیں،کسان ان مارکیٹوں میں براہ راست اپنی اجناس فروخت کر سکیں گے،اس اقدام سے صارفین کاشتکارو ں سے براہ راست سبز یاں اورپھل سستے داموں خرید سکیں گے۔20کلو آٹے کا تھیلا808روپے،چینی 70روپے فی کلوگرام اورگھی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 180روپے فی کلوم کرام مقرر ہے،اب انتظامیہ کی ذمہ داری ہے وہ صوبے بھر میں قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔میاں اسلم اقبال کا مزید کہنا تھا سبزی منڈی کاہنہ میں دکانوں کی الاٹمنٹ اوردیگر تمام امور جلد طے کئے جائیں،مارکیٹ کمیٹیوں کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائیگا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا قیمت ایپ پر 16986شکایات آئیں جن میں سے 15762پر ایکشن ہوچکا ہے۔سیکرٹری صنعت وتجا ر ت متعلقہ اداروں کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ،صوبے بھر کے کمشنرزاور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
پنجاب حکومت اقدام