دستکاریوں کے فروغ کے لیے ہیپ اور وین میں مفاہمت کا معاہدہ

  دستکاریوں کے فروغ کے لیے ہیپ اور وین میں مفاہمت کا معاہدہ

  



راولپنڈی (اے پی پی) مقامی دستکاریوں کے فروغ کے لیے ہیپ اور وین کے درمیان مفاہمت کا معاہدہ طے پا گیا۔ہینڈ ی کرافٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان اور ڈبلیو ای ای این کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب کی مہمان خصوصی وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت تجارت شاندانہ گلزار نے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران کے وژن کے مطابق پاکستان میں خواتین کو قومی ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے انہیں جدید پیشہ وارنہ شعبوں میں ترقی اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے نہایت آسان شرائط پرقرضے فراہم کئے جا رہے ہیں اور ہنر مند خواتین کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سمجھوتے کے تحت پاکستان میں ہینڈی کرافٹ سمیت دیگر شعبوں میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے متعدد منصوبے مکمل کئے جائیں گے اور دستکاروں کی فلاح و بہبود، تعلیم و تربیت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لئے متعلقہ اداروں کی معاونت سے بھی متعددنئے پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ معاہدے پر چیئرمین ہینڈی کرافٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان فہد برلاس اور ڈبلیو ای ای این کی بانی سی ای او فلزاممتازنے دستخط کئے۔

اس موقع پر شاندانہ گلزار نے کہاکہ ہنر مند خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت نہ صرف پر عزم ہے بلکہ ایسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کئی پروگرام کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔چیئرمین ایسوسی ایشن آف پاکستان فہد برلاس نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے ہنرمندوں و ستکاروں کے لئے تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور پاکستان میں غیر ملکی سفارت کاروں نے ہیپ کو دستکاریوں کے فروغ کے لئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ ڈبلیو ای ای این کی بانی سی ای او فلزاممتازنے کہا ہے کہ پاکستان میں ہینڈی کرافٹ کی صنعت کو جدید خطو ط پر استوار کرنے اور ہنر مندوں کو آگے لانے کے لئے باہمی تعاون سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید : کامرس