اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے‘ آئی سی سی آئی

  اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے‘ آئی سی سی آئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ مقامی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے اور صنعتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے کیلئے اسلام آباد میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کی اشد ضرورت ہے کیونکہ موجودہ صنعتی علاقوں میں نئی انڈسٹری لگانے کی گنجائش نہیں رہی لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کی طرف فوری توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے مقامی صنعتکار اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں لیکن نئی انڈسٹری لگانے کی جگہ نہ ہونے کی وجہ سے ان و مشکلات کا سامنا ہے۔ 


انہوں نے کہا کہ چیمبر کی انتھک کوششوں سے کئی سال پہلے سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی سترہ کو انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کیلئے مختص کیا تھا اور اس مقصد کیلئے زمین کی خریداری کا عمل بھی شروع کر دیا گیا تھا لیکن اب سی ڈی اے نے اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں تبدیلی کر کے آئی سترہ کو انڈسٹریل استعمال کی بجائے انسٹی ٹیوشنل استعمال کیلئے مختص کر دیا ہے تاکہ یہاں ایک میڈیکل سٹی تعمیر کیا جائے لیکن انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے کوئی متبادل جگہ نہیں دی گئی جو افسوسناک ہے۔محمد احمد وحید نے کہا کہ اسلام آباد میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ نہ ہونے کی وجہ سے اس علاقے کے سرمایہ کار اسلام آباد سے دیگر  علاقوں کی طرف منتقل ہو رہے ہیں جس سے اس علاقے میں روزگار کے نئے مواقع معدوم ہو رہے ہیں۔ لہذا ان حالات میں نئے صنعتی زون کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوٹھوہار خطے میں نہ تو بہترزرعی زمین پائی جاتی ہے اور نہ ہی دیگر قدرتی وسائل وافر مقدار میں موجود ہیں جبکہ جڑواں شہروں کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ان حالات میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کر کے ہی نوجوانوں کیلئے روزگار کے مزید مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں اور اقتصادی سرگرمیوں کو بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ اسلام آباد خطے سے افغانستان اور سنٹرل ایشیاء کے ممالک کی طرف بھی رسائی آسان ہے اور اس خطے میں نیا انڈسٹریل زون تعمیر کر کے ان ممالک کی طرف پاکستان کو برآمدات کو بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم ہونے سے اس علاقے میں خوشحالی آئے گی کیونکہ بہت سے لوگوں کو روزگار ملے گا جس سے غربت کم ہوگی لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اسلام آباد میں نیا صنعتی زون تعمیر کرنے پر سنجیدگی سے غور کرے اور چیمبر کی مشاورت سے اس منصوبے کو آگے بڑھائے۔ 

مزید :

کامرس -