جماعت اسلامی کا آٹے ٹماٹر سمیت سبزیوں کی قیمتوں پر اظہار تشویش
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے آٹے اور ٹماٹر،پیاز سمیت سبزی و پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں عوام کیلئے زندہ رہنا بھی مشکل بنادیا گیا ہے۔ حکومت عوام کی حالت زار پر رحم، قیمتوں کو کنٹرول اور اشیاء کی عوام تک آسانی سے فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے اپنے دعووں کے برعکس کمر توڑ مہنگائی اور 14 ماہ کی کارکردگی سے ان کے چودہ طبق روشن کردیئے ہیں۔ حکومت ایک طرف ریاست مدینہ طرز حکومت کے قیام کے دعوے، عام آدمی کو ریلیف دینے تو دوسری طرف مہنگائی کی بمباری اور نا اہلی کی وجہ سے نئے پاکستان میں عوام کیلئے زندہ رہنا مشکل بنا دیا ہے۔ آٹے سے لیکر ٹماٹر، بھنڈی سمیت سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ گوشت مچھلی مٹن تو اپنی جگہ پر غریب آدمی اب سبزی بھی نہیں کھا سکتا۔ صوبائی رہنماء نے کہا کہ حکومتی نااہلی و غلط پالیسیوں کی وجہ سے کاشتکار طبقہ سخت پریشان ہے،ادویات،کھاد مہنگی اوربدلتی ہوئی موسمی صوتحال کے پیش نظران کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے،حکومت نے بھی ان کو بے یار ومددگار چھوڑدیا ہے۔ گندم و سبزیوں کے مناسب ریٹ کاشتکاروں کو تو نہیں مل پاتے مگر ذخیرہ خور اور منافع خور اس سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں۔ عوام کی مہنگائی کی وجہ سے چیخیں نکالی جارہی ہیں مگر حکمراں طبقہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔اس لیے پی ٹی آئی حکومت عوام کو مہنگائی بیروزگاری وکرپشن سے نجات دلاکر اپنے وعدوں پر عمل کرے۔