پاک بحریہ کے بحری جہازوں کی بین الاقوامی میری ٹائم مشق میں شرکت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے بحری جہازوں شمشیر، محافظ اور لانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ائیر کرافٹP3C نے بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں منعقدہ انٹر نیشنل میری ٹائم مشق 2019-میں شرکت کی۔ دو ہفتوں سے زائد مدت تک جاری رہنے والی اس مشق میں 50 سے زائد ممالک کے بحری اثاثہ جات اور جوانوں نے شرکت کی۔ بین الاقوامی میری ٹائم مشق 2019- نے پاک بحریہ کو دنیا کی دیگر بحری افواج کے ساتھ مشترکہ آپریشنل تیاریوں میں اضافے کا موقع فراہم کیا۔ مشق کے دوران پاک بحریہ کے دونوں بحری جہازوں شمشیر اور محافظ نے بالترتیب مسقط اور بحرین کا بھی دورہ کیا۔ بندرگاہوں کے دورے کے دوران دونوں بحری جہازوں پر استقبالیہ کا بھی اہتمام کیا گیاجس میں میزبان بحریہ کے سینئر افسران، سفارت کاروں، میزبان ممالک اور پاکستانی کمیونٹی کی معزز شخصیات اور انٹر نیشنل میری ٹائم مشق 19- میں شرکت کر نے والے جہازوں کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔ حکومت پاکستان کی پالیسیوں کے مطابق پاک بحریہ ہمیشہ سے خطے میں میری ٹائم حفاظت اور سیکورٹی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے میں پر عزم رہی ہے۔پاک بحریہ کے اثاثہ جات کی انٹر نیشنل میری ٹائم مشق 19- میں شرکت، بین الاقوامی میری ٹائم اشتراکی سیکورٹی میکنزم جیسے کہ ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پیٹرولز اور مشترکہ میری ٹائم فورس میں شرکت کے ذریعے میری ٹائم آرڈر میں معاونت فراہم کر نے جیسے اقدامات، پاکستان کے ذمہ دار ریاست ہونے کے تصور کو مزید تقویت دیں گے۔ انٹر نیشنل میری ٹائم مشق 19- کا پلیٹ فارم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بر بریت، کشمیری عوام کی حالت زار اور مسئلہ کے حل تک کشمیریوں کی حق و انصاف کی جدو جہد میں پاکستان کی مسلسل حمایت کے بارے میں بین الاقوامی توجہ مبذول کرانے کے لئے بھررپور طور پراستعمال کیا گیا۔