کاشتکارو کھیت سے اجناس لاکر براہ راست ماڈل بازاروں میں فروخت کرینگے: عثمان بزدار

  کاشتکارو کھیت سے اجناس لاکر براہ راست ماڈل بازاروں میں فروخت کرینگے: عثمان ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے کسانوں کو اپنی اجناس ماڈل بازاروں میں فروخت کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی، صوبے کے 32 ماڈل بازاروں میں کسان براہ راست اپنی اجناس فروخت کرسکیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں کو اجناس کی فروخت کیلئے ماڈل بازاروں میں سٹال فراہم کرے گی اور کسانوں سے سٹالز کا کرایہ یا کوئی اور فیس نہیں لی جائے گی۔ کاشتکار کھیت سے سبزیاں اور پھل لا کر براہ راست ماڈل بازار میں عوام کو فروخت کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں زرعی فیئر پرائس شاپس کا دائرہ کار بھی بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے اور پرائس کنٹرول میکانزم پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے حکومت زیروٹالرنس پالیسی پر عمل پیراہے۔ گراں فروشی کے خلاف جس ضلع سے شکایت آئی تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر جوابدہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کسی دباؤ کے بغیر کارروائی کی جائے اور انتظامیہ پرائس کنٹرول کیلئے خود میدان میں نکلے کیونکہ دفتروں میں بیٹھ کر عوام کو ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔ عملی اقدامات کر کے اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عوام کو ریلیف دینے کیلئے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیادوں پر چیک کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ضلع کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال انداز میں کام کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے راجن پوراورڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں فروغ تعلیم کیلئے مثبت اقدام کرتے ہوئے راجن پور اور ڈیر ہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے طلبا ء و طالبات کیلئے دانش سکولوں میں کوٹہ مختص کردیا۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں احکامات جاری کردیئے۔ راجن پور اورڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں کے طلباء و طالبات کو دانش سکولوں میں مختص کی جانے والی26نشستوں پر داخلہ ملے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی سمری منظور کر لی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ تھل یونیورسٹی کے قیام سے ضلع بھکر اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت ان کی دہلیز پر ملے گی اور بھکر اور قریبی علاقوں کے طلبا وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کیلئے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ بھکر میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے سب کیمپس کو یونیورسٹی آف تھل کے سٹی کیمپس میں تبدیل کیا جائے گا۔ بھکر میں یونیورسٹی آف سرگودھا کا سب کیمپس 108 کنال اراضی پر مشتمل ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ 200 سے 300 ایکڑ اراضی پر بھکر میں تھل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر بھکر کو تھل یونیورسٹی کیلئے اراضی کی جلد سے جلد نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھل یونیورسٹی کے قیام کیلئے بل کا مسودہ فی الفور تیار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سکھ برادری کوباباگرونانک دیو جی کے550ویں جنم دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ باباگرونانک دیو جی کا جنم دن سکھ برادری کا روایتی مذہبی اور خوشیوں بھرا تہوار ہے اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے سے بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ ملتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سکھ برادری سمیت اقلیتوں کی فلاح وبہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری امن، ترقی اور محبت کا راستہ ہے، وزیراعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری منصوبے کی افتتاح کرکے وہ تاریخ ساز کام کیا ہے جو کوئی نہیں کرسکا۔انہوں نے کہا کہ کرتارپور کوریڈور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے ایک پل ہے جس سے فاصلے سمٹیں گے۔علاوہ ازیں اتوار کوایوان وزیراعلیٰ کی جامع مسجد میں عید میلادالنبی ؐکے موقع پر روح پرور محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے خصوصی شرکت کی۔محفل میلاد کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیاگیا۔قاری محبوب احمد چشتی نے تلاوت قرآن پاک کی سعادت حاصل کی۔امام مسجد قاری ساجد نواز نے سیرت النبیؐ پر روشنی ڈالی۔ محفل میلاد میں بارگاہ رسالتؐ میں ہدیہ عقیدت کے پھول پیش کئے گئے۔معروف نعت خوانوں مرغوب احمد ہمدانی،اسرار اعظم چشتی،سرور حسین نقشبندی اورصوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ نے نعت رسول مقبولؐ پیش کیں۔صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ نے قرأت کی بھی سعادت حاصل کی اور نبی کریم ؐ کی شان رسالت بیان کی۔صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ نے آخر میں دعا کرائی۔ ملک و قوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔مقبوضہ کشمیر کی آزادی اورکشمیری شہداء کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول