بلاول بھٹو ار سینئر وکلاء بھی زرداری کو درخواست ضمانت کیلئے قائل کرنے میں ناکام 

بلاول بھٹو ار سینئر وکلاء بھی زرداری کو درخواست ضمانت کیلئے قائل کرنے میں ...

  



اسلام آباد/لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)  بلاول بھٹو اور زرداری کے وکلاء سابق صدر آصف علی زرداری کو درخواست ضمانت کیلئے قائل نہ کر سکے، پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے آصف زردار ی کو منانے کے لئے بلاول بھٹو سے اجازت مانگ لی۔آصف زرداری نے کہا کہ یہ کیس میرا ہے اور اس کے بارے میں فیصلہ بھی میں خود کروں گا، دیکھتے ہیں حکومت کہاں تک جاتی ہے۔ سینئر وکیل فاروق ایچ نائیک اور سردار لطیف کھوسہ بھی آصف زرداری کو راضی نہ کرسکے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی رہنماشیری رحمان اور قمر زمان کائرہ نے آصف زرداری کو ذاتی معالج تک رسائی دینے کا مطالبہ کردیا۔ شیری رحمان نے ایک بیان میں کہاکہ حکومت آصف زرداری کو طبی ماہرین اور ذاتی معالج تک رسائی نہیں دے رہی،جس سے ان کی صحت دن بدن بگڑتی جارہی ہے۔انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹس تک نہیں دی جارہیں اور ان کے علاج کیلئے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ نہیں بٹھایا جارہا، حکومت ڈاکٹرزکی ہدایات کے باوجود آصف زرداری کی زندگی کے ساتھ کھیل رہی ہے لہٰذا حکومت ہوش سے کام لے، پھر ایسا نا ہوحکومت انتقام کی آگ میں خود ہی جل جائے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت سیاسی مخالفین کی صحت سے کھیل رہی ہے، آصف زرداری کی صحت کافی خراب ہے اس کے باوجود ان کو 22 روز تک کوئی میڈیکل سہولت نہیں دی گئی۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ مارچ تک حکومت نہیں جاتی تو ہم اپنا لائحہ عمل دیں گے، میاں نواز شریف کی صحت خراب ہے، میڈیکل بورڈ نے کہا ہے کہ ان کا علاج بیرون ملک کرایا جائے۔ وزرا کہہ رہے ہیں ڈیل ہو رہی ہے وزیر اعظم کہتے ہیں کوئی ڈیل نہیں کروں گا۔پی پی رہنما نے کہا کہ عمران خان حکومت ایک یوٹرن مکمل نہیں کرتی اس کے بعد نئے یوٹرن میں داخل ہو جاتے ہیں، وہ ڈیل کہاں ہو رہی ہے جس کے بارے وزرا ء بات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن جہاں ہیں وہاں تک ہم ساتھ کھڑے رہے اس سے آگے جانا ہوگا تو رہبر کمیٹی میں بات ہو گئی۔ بلاول بھٹو خیبرپختونخوا سے ہوکر30 نومبر کو کشمیر میں یوم تاسیس منائیں گے اور پھروسطی پنجاب کا رخ کریں گے جبکہ پیپلزپارٹی سوچ رہی ہے کہ اس مرتبہ بے نظیر بھٹو کے یوم شہادت کا جلسہ راولپنڈی میں ان کی جائے شہادت پر منعقد کیا جائے۔

َّلاہور(نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے پارٹی راہنماؤں کی ملاقات کیلئے دائر درخواست پر ہوم سیکرٹری اور آئی جی جیل خانہ جات کونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ پیپلز پارٹی کے راہنما قمر زمان کائرہ نے درخواست دائر کی ہے، جس میں درخواست گزاراوردیگر پارٹی راہنماؤں کو آصف علی زرداری سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیاہے۔ درخواست پر مزید کارروائی 13 نومبر کو ہوگی۔

پیپلز پارٹی/ہائیکورٹ

مزید : صفحہ اول