حکومتی مذاکرات ناکام، کلب چوک پر نابینا افراد کا احتجاج جاری 

حکومتی مذاکرات ناکام، کلب چوک پر نابینا افراد کا احتجاج جاری 

  



لاہور(کرائم رپورٹر،این این آئی)ایوان وزیر اعلیٰ اور پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر احتجاج اور دھرنوں کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدیدذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا،نا بیناافراد اور حکومت کے درمیان مذاکرات ہوئے جو کامیاب نہ ہو سکے جس کی وجہ سے مظاہرین کا کلب چوک مال روڈ پر دھرنا جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق نا بینا افراد کا ایوان وزیر اعلیٰ کے سامنے مال روڈ پر کئی روز سے دھرنا جاری ہے جس کی وجہ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری نذیر چوہان او رکمشنرلاہورڈویژن آصف بلال لودھی 85نا بینا افراد کو مستقل کرنے کے آرڈر لے کر دھرنے میں پہنچے تاہم مظاہرین نے آرڈر وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تمام نا بینا افراد کو مستقل کرنے اورنوکری دینے کے آرڈرز جاری ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔نا بینا افراد کا کہنا ہے کہ تمام نابینا افراد کو ان کی تعلیم کے مطابق نوکریاں دی جائیں اور بھرتیوں کا عمل مکمل ہونے تک یہاں سے کہیں نہیں جائیں گے۔نذیر چوہان نے کہاکہ نا بینا افراد کی مستقلی کے لیٹر لے کر ان کے پاس گئے،تمام 511 کے لیٹرز قانونی تقاضے پورے کرکے 30 نومبر تک جاری کردیں گے لیکن نا بینا افرادنے مطالبات میں اضافہ کردیا ہے۔

 احتجاج۔

مزید : صفحہ اول