دھرنے میں ساتھ دینے کا وعدہ کیا ہی نہیں تھا، بلاول بھٹو 

  دھرنے میں ساتھ دینے کا وعدہ کیا ہی نہیں تھا، بلاول بھٹو 

  



لاہور(نمائندہ خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت سے نجات چاہتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ جو وعدہ کیا وہ پورا کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پنجاب ایگزیکٹو کے اجلاس کے دوران کیا۔ پی پی پنجاب نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر اس بار جلسہ راولپنڈی میں کرنے کی تجویز دی جبکہ بلاول نے 26 دسمبر کو جلسہ راولپنڈی میں کرنے پر مشاورت کیلئے وقت مانگ کیا۔پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہم نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ اور جلسے میں بھرپور شرکت کی، آزادی مارچ کا ہر جگہ جیالوں نے استقبال کیا۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے دھرنے میں ساتھ دینے کا وعدہ کیا ہی نہیں تھا، مولانا صاحب سے جو جو وعدہ کیا وہ پورا کیا۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے پارٹی کے ایم پی اے علی حیدر گیلانی سمیت دیگر جیالوں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی مذمت کرتے ہوئے علی حیدر گیلانی کے خلاف ایف آئی آر کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے اور کہا ہے کہ میرے کسی ایک جیالے کو بھی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے منتخب رکن علی حیدر گیلانی کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج آمریت نہیں تو اور کیا ہے عام آدمی سے رکن اسمبلی تک کوئی پنجاب پولیس کے مظالم سے محفوظ نہیں۔مظفرگڑھ جلسے کے شرکاء کا راستہ روکا گیا اور احتجاج پر پولیس نے خود مقدمہ درج کرلیا۔پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ ایم پی اے علی حیدر گیلانی کیخلاف یہ ایف آئی آر ریاستی جبر ہے۔حکومت مظفر گڑھ میں بلاول بھٹو کے کامیاب جلسے سے بوکھلا گئی ہے۔ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پیپلز پارٹی گھبرانے والی نہیں۔انہوں نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کا قانونی استحقاق تھا کہ وہ اپنے قائد بلاول بھٹو کا استقبال کریں۔ علی حیدر گیلانی کو جلسہ گاہ میں جانے سے روکا گیا پھر اسی کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات حسن مرتضی نے کہا کہ علی حیدر کیخلاف پارکنگ کی خلاف ورزی کے نام پر ایف آئی آر انتقامی کاروائی ہے کیا پولیس گردی کیخلاف احتجاج کرنا کار سرکار میں مداخلت ہے مظفر گڑھ پولیس کیخلاف پیپلزپارٹی اسمبلی میں تحریک استحقاق لیکر آئیگی۔ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل چودھری منظور احمد نے کہا ہے کہ ہم ہر فورم پر صدر آصف علی زرداری کی صحت کا معاملہ اٹھائیں گے. انکی صحت دن بدن بگڑ رہی ہے. زرداری صاحب کیلئے نجی ڈاکٹرز کی رسائی کا مطالبہ بھی بار بار دہراتے رہیں گے۔ 

 بلاول بھٹو 

مزید : صفحہ اول