12ربیع الاول جلوس کیلئے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے: مراد علی شاہ 

  12ربیع الاول جلوس کیلئے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے: مراد علی شاہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے لیکن اس کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے دھمکیوں کے انتباہ جاری کیئے گئے تاکہ 12 ربیع الاول جیسے میگا ایونٹ کے سکیورٹی انتظامات اس کے مطابق کیے جا سکیں۔ یہ بات انہوں نے اتوار کے روز میمن مسجد میں ربیع الاول جلوس کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی، اس دموقع پر انکے ہمراہ صوبائی وزرا سعید غنی، سید ناصر حسین شاہ اور صوبائی مشیر مرتضی وہاب بھی تھے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے لیکن پاکستان کے بہت سارے دشمن موجود ہیں،  لہذا  ہمارے سیکیورٹی ادارے اپنے انٹیلی جنس نیٹورک کے ذریعے دھمکیوں سے متعلق الرٹ جاری کرتے رہتے ہیں اور اس کے مطابق ہمیں 12 ربیع الاول جیسے میگا ایونٹس کیلئے  [سیکیورٹی]  انتظامات کیے ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور انٹیلیجنس ایجنسیوں نے اپنی مربوط کاوشوں کے ذریعے سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ یہ جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ پاک سے دعا کی کہ ہمارے ملک پر اپنا رحم فرمائے اور اپنے پیارے حضرت محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے صدقے ایک پرامن اور خوشحال قوم بنائے۔  جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقعہ پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سبز رنگ کی سندھ ٹوپی، سبز رنگ کا کرتا اور سفید رنگ کی شلوار پہنے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ درود پاک پڑھ کر جلوس میں شریک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 12 ربیع الاول خوشی کا دن ہے کیونکہ اس دن اللہ رب العزت اپنے پیارے رسول اللہ ﷺ کو دنیا میں محبت، رواداری، بخشش، امن و سکون کا سبق سکھانے کیلئے بھیجا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہمارے لئے اس دن کو منانے کا مقصد یہ ہے کہ مختلف مذاہب اور مسلک کے لوگوں کے ساتھ پرامن طور پر زندگی گزاریں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں اپنے آپکو آج کے دن یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنے پیغمبر حضرت محمد مصطفیﷺ کی تعلیم اور انکے افکار پر عمل کریں گے اور اپنے الفاظ اور بیانیہ سے دوسروں کو تکلیف نہیں پہنچائیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -