عدالتی فیصلے نے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا: محمد حسین محنتی 

  عدالتی فیصلے نے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا: محمد حسین محنتی 

  



کراچی (اسٹا ف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں، بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کے متعصبانہ عدالتی فیصلے سے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے،اقلیتوں کو اپنے عقائد اورعبادت گاہوں میں خطرہ ہے،بھارت میں انتہاپسندانہ نظریہ، ہندوؤں کی بالادستی پر مبنی ہے،بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کیلئے زمین تنگ کر دی گئی ہے،بابری مسجد کے انہدام کے بعد اسے کہیں اور تعمیر کرنے کے بجائے وہیں تعمیر کی جائے، 5 ایکڑ اراضی بابری مسجد کو دینے کے بجائے مندر کو دے دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے باہر جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت بابری مسجد کے شہادت کے حوالے سے بھارتی عدالت کے فیصلے کے خلاف مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مظاہرے سے ضلع جنوبی کے سیکریٹری سفیان دلاور،سیکریٹری اطلاعات کراچی زاہد عسکری نے بھی خطاب کیا۔مظاہرین نے بینرز بھی اٹھائے ہوئے تھے، جن پر بھارتی سپریم کورٹ کا انصاف کی تاریخ کا سیاہ ترین فیصلہ، بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کا فیصلہ مسلمانوں اور اسلام پر حملہ ہے، بھارت کی سب سے بڑی عدالت کا مسلمانوں کے خلاف سب سے بڑا تعصب سمیت دیگر عبارتیں درج تھیں۔ اس موقع پر مودی کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے،ہندؤ انتہا پسندی نامنظور نامنظور، بابری مسجد کی جگہ رام مندر نامنظور، بابری مسجد کودوبارہ تعمیر کرو، بھارتی عدالت کا فیصلہ نامنظور کے نعرے بھی لگائے گئے۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ بھارت کا طرز عمل علاقائی امن واستحکام کیلئے خطرہ ہے،بھارت اپنے ملک میں بسنے والے مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کی جان و مال حقوق اور املاک کا تحفظ یقینی بنائے، حقوق انسانی کے ادارے بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور انتہاپسند نظریئے کے خاتمے اوراقلیتوں کو مساوی حقوق کا حصول یقینی بنایا جائے، حکومت پاکستان بھی مسئلہ حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔سفیان دلاور نے کہا کہ حکومت پاکستان مسئلہ پر فوری طور پر ایکشن لے، بھارت کو ظالمانہ فیصلہ واپس لینے کیلئے دباؤ ڈالا جائے۔ زائد عسکری نے کہا کہ حکومت پاکستان نے جب پاکستان میں کرتار پور راہداری کھولی، تو بھارت نے جواباً مسلمانوں کی تاریخی بابری مسجد کے خلاف فیصلہ سنا کر تحفہ دیا، بھارتی عدالت کا فیصلہ تاریخ میں بدترین فیصلہ لکھا جائے گا۔ 

مزید : صفحہ اول