کسی جیالے کو نقصان پہنچا توذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی، بلاول
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے ایم پی اے علی حیدر گیلانی سمیت دیگر جیالوں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی مذمت کرتے ہوئے علی حیدر گیلانی کے خلاف ایف آئی آر کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے اور کہا ہے کہ میرے کسی ایک جیالے کو بھی نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے منتخب رکن علی حیدر گیلانی کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج آمریت نہیں تو اور کیا ہے عام آدمی سے رکن اسمبلی تک کوئی پنجاب پولیس کے مظالم سے محفوظ نہیں۔مظفرگڑھ جلسے کے شرکاء کا راستہ روکا گیا اور احتجاج پر پولیس نے خود مقدمہ درج کرلیا، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پولیس میں سیاسی مداخلت بند کرے پنجاب میں جیالوں کے خلاف سیاسی انتقام ہمارے حوصلوں کو کمزور نہیں کرسکتا۔مظفر گڑھ پولیس کی جانب سے پیپلزپارٹی کے ایم پی اے علی حیدر گیلانی کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی حیدر گیلانی کو بلاول بھٹو کے جلسہ میں جانے سے روکنا آمرانہ اقدام تھا۔پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ ایم پی اے علی حیدر گیلانی کیخلاف یہ ایف آئی آر ریاستی جبر ہے۔حکومت مظفر گڑھ میں بلاول بھٹو کے کامیاب جلسے سے بوکھلا گئی ہے۔ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پیپلز پارٹی گھبرانے والی نہیں۔انہوں نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کا قانونی استحقاق تھا کہ وہ اپنے قائد بلاول بھٹو کا استقبال کریں۔ علی حیدر گیلانی کو جلسہ گاہ میں جانے سے روکا گیا پھر اسی کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات حسن مرتضی نے کہا کہ علی حیدر کیخلاف پارکنگ کی خلاف ورزی کے نام پر ایف آئی آر انتقامی کاروائی ہے کیا پولیس گردی کیخلاف احتجاج کرنا کار سرکار میں مداخلت ہے مظفر گڑھ پولیس کیخلاف پیپلزپارٹی اسمبلی میں تحریک استحقاق لیکر آئیگی۔ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل چودھری منظور احمد نے کہا ہے کہ ہم ہر فورم پر صدر آصف علی زرداری کی صحت کا معاملہ اٹھائیں گے. انکی صحت دن بدن بگڑ رہی ہے. زرداری صاحب کیلئے نجی ڈاکٹرز کی رسائی کا مطالبہ بھی بار بار دہراتے رہیں گے۔ یہ کوئی ریلیف نہیں بلکہ آصف زرداری کا حق ہے۔تاریخ گواہ ہے ہم کسی ڈیل پر یقین نہیں رکھتے لیکن ہمارے کئی رہنما اسکے برعکس حکومتی ہٹ دھرمی کا شکار ہیں۔ ہمارے قائدین بغیر کسی سزا کے حراست میں ہیں۔
بلاول بھٹو