نواز شریف کانام ای سی ایل سے نکالنے کامعاملہ،کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس شروع
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس شروع ہوگیا۔کمیٹی نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی۔
کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت وفاقی وزیرقانون بیرسٹر فروغ نسیم کررہے ہیں جبکہ معاون خصوصی شہزاد اکبر، سیکریٹری داخلہ اعظم سلیمان ، ڈاکٹر عدنان اور عطااللہ تارڑ بھی اجلاس میں شریک ہیں جبکہ اجلاس میں نیب کے 2نمائندے بھی موجود ہیں۔ کابینہ کی ذیلی کمیٹی میں شہبازشریف کے نمائندے عطااللہ اور ڈاکٹر عدنان بھی شرکت کررہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹس سیکریٹری صحت پنجاب نے ذیلی کمیٹی میں پیش کی،ایک رپورٹ میں واضح لکھا ہے نواز شریف کوبیرون ملک علاج کی ضرورت ہے ، جس پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے پراسیکیوٹر نیب کو طلب کر لیا۔
کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر قانونی پہلووں کا جائزہ لیاجارہاہے۔ ذیلی کمیٹی کی سفارشات کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی، جس کے بعد ذیلی کمیٹی کی سفارش پر وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس ہوگا جس میں مشاورت کے بعد فیصلے کی منظوری دی جائے گی۔