آئندہ انتخابات کیسے ہوں گے ؟ حکومت نے عندیہ دیدیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک) فاقی حکومت نے قانون سازی ہونے کی صورت میں آئندہ عام انتخابات میں مکمل طور پر بائیو میٹرک نظام لانے کا عندیہ دے دیا ہے۔ یہ عندیہ وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے قومی اسمبلی میں پوچھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں دیا۔
ہم نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے سوال پوچھا تھا کہ کیا آئندہ عام انتخابات بائیومیٹرک نظام کے تحت ہوں گے؟وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی نے جمع کرائے گئے اپنے تحریری جواب میں اعتراف کیا کہ ضمنی انتخابات میں بائیو میٹرک نظام نے بہتر نتائج دیے ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق انہوں نے واضح کیا کہ قانون سازی ہوگئی تو آئندہ عام انتخابات بائیو میٹرک نظام کے تحت ہوسکتے ہیں۔پی ایم ایل (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں معین وٹو نے پشاور موڑ تا نیو ایئرپورٹ اسلام آباد میٹرو بس ٹریک پر کام کی سست روی کا معاملہ قومی اسمبلی میں اٹھایا اور دریافت کیا کہ بتایا جائے کہ تعمیراتی کام سست کیوں ہے؟ اوریہ کب تک مکمل ہوگا؟
ہم نیوز کےمطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اس پر اپنے جواب میں کہا اعتراف کیا کہ میٹرو ٹریک پر کام کی سستی کی وجہ فنڈز کی کمی ہے۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ مارچ 2020 تک میٹرو ٹریک مکمل کرنے کے لیے 4566 ملین روپے درکار ہیں۔