"معاملہ کابینہ میں آیا نہیں" زبیدہ جلال کے بیان پر فواد چوہدری بھی خاموش نہ رہ سکے، اندر کی بات بتادی
کراچی (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہےکہ زبیدہ جلال کی بات کا علم نہیں ،معاملہ کابینہ میں آیا نہیں فیصلہ کیسے ہو گیا۔ اس سے قبل وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے کہا تھا کہ عمران خان نے نوازشریف کا بیان ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا۔
جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ زبیدہ جلال کہتی ہیں وزیراعظم نے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے مجھے اس بار ے میں علم نہیں ہے، نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ کابینہ میں نہیں آیا تو فیصلہ کیسے ہوگیا، وزیراعظم عمران خان کابینہ میں کھلے دل سے بات سنتے ہیں، وزیراعظم نے کئی دفعہ اپنی رائے دینے کے باوجود دلائل سننے کے بعد فیصلہ تبدیل کیا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کوئی ایسی مثال نہیں کہ سزا یافتہ شخص کو حکومت نے باہر بھیجا ہو،حکومت نے نواز شریف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ قانون کے اندر رہ کر کرنا ہے، نواز شریف اور مریم نواز سزا یافتہ مجرم ہیں، فروغ نسیم سے قانونی رائے مانگی ہے کہ کیا حکومت سزا یافتہ مجرموں کو باہر بھیج سکتی ہے، نواز شریف کا اس حوالے سے فیصلہ آئندہ کیلئے مثال بنے گا، لاہور ہائیکورٹ میں آٹھ ہزار لوگوں نے بیماری کی بنیاد پر ضمانت کیلئے درخواستیں دائر کردی ہیں، نواز شریف کے کیسوں میں ماضی میں نئی نئی مثالیں قائم ہوئی ہیں، 2002ء میں بھی نواز شریف باہر چلے گئے تھے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ احتساب قانون میں مانیٹرجج موجود ہے جو ہر کیس کو مانیٹر کرتا ہے، ہائیکورٹ میں ایک مانیٹرنگ یونٹ ہے جو روزانہ ہدایات دیتا ہے کہ کتنے عرصہ میں کیس مکمل کیا جائے، پاکستان میں بہت اچھے اسپتال ہیں ۔