سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات کا دورہ العین، جیلوں سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور سکولوں کے مسائل حل کرنے کا وعدہ
دبئی(طاہر منیر طاہر) پاکستانی کمیونٹی العین کی دعوت پر سفیر پاکستان غلام دستگیر نے متحدہ عرب امارات کے شہر العین کا دورہ کیا اوروہاں مقیم پاکستانیوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں راجہ خالد محمود، عبدالہادی، رانا محمد عرفان، ملک اظہر اقبال، سردار ماجد علی، ڈاکٹر نسیم خٹک،پرنسپل عبدالرشید بنگش، ذیشان علی اور محمد یعقوب کے علاوہ دیگر لوگ بھی شامل تھے۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں نے سفیر پاکستان سے پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کا تذکرہ کیا گیا۔
کمیونٹی کے لوگوں سے بات چیت کے دوران سفیر پاکستان نے کہا کہ پاسپورٹ کی تجدید کا کام پہلے کی نسبت سرعت سے کیا جا رہا ہے جبکہ شناختی کارڈ اور نئے پاسپورٹ کا حصول بھی سہل کیا جا رہا ہے جبکہ سفارتخانہ سے اس سلسلہ میں لوگوں کو بہترین سروس مہیا کی جارہی ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ اس وقت متحدہ عرب امارات کی جیلوں میں بہت سے پاکستانی قیدی موجود ہیں جن کی رہائی کے لئے سفارتخانہ اور قونصل خانہ کام کر رہے ہیں جبکہ العین اور دیگر ریاستوں میں موجود پاکستانی سکولوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی بچوں کو تعلیم کی سہولیات مل سکیں ۔
سفیر پاکستان غلام دستگیر نے کہا کہ غلام پاکستانیوں کے لئے سفارتخانہ کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں لہٰذا یو اے ای میں مقیم پاکستانی اپنے مسائل کے ہل کے لئے ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ سفیر پاکستان کی العین آمد پر پاکستانی کمیونٹی العین نے ان کا شکریہ ادا کیا اور مسائل کے حل کے وعدہ پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔