شیخ رشید کی وجہ سے ٹی وی چینل کو ریحام خان سے معافی مانگنا پڑ گئی

شیخ رشید کی وجہ سے ٹی وی چینل کو ریحام خان سے معافی مانگنا پڑ گئی
شیخ رشید کی وجہ سے ٹی وی چینل کو ریحام خان سے معافی مانگنا پڑ گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید احمد کا الزام نشر ہونے کی وجہ سے ٹی وی چینل کو برطانوی عدالت میں عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان سے معافی مانگنا پڑی، نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شیخ رشید نے دعویٰ کیاتھاکہ ریحام خان نے مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف سے پیسے لے کر کتاب لکھی ۔
عدالتی فیصلے کے بعد ریحام خان کے قانونی معاون نے بتایاکہ گزشتہ سال جون میں دنیا ٹی وی کے پروگرام ’آن دی فرنٹ‘ میں کامران شاہد کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے موجودہ وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے الزام عائد کیا تھا اور ریحام خان کے پاس قانونی ایکشن لینے کے علاوہ کوئی چارہ نہ تھا، آج لندن ہائیکورٹ میں دنیا ٹی وی نے معافی مانگ لی جس پر میری موکلہ بھی مطمئن ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریحام خان کے سابق شوہر عمران خان کے اتحادی شیخ رشید احمد نے الزام عائد کیا تھا کہ ریحام خان نے بائیوگرافی لکھنے کے لیے پیسہ لیا جس کی وجہ سے میری موکلہ کی شہرت کو نقصان پہنچا اور انہیں قانونی ایکشن لینا پڑا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دنیا ٹی وی نے آج (11 نومبر2019)غیرمشروط معافی مانگی،ہرجانہ بھی اداکیا اور اعتراف کیا کہ ریحام خان نے کبھی شہبازشریف یا پاکستان مسلم لیگ ن میں کسی سے پیسے نہیں لیے ۔
ریحام خان کے قانونی معاون نے بتایا کہ الزامات میں کوئی صداقت نہیں تھی اور دنیا ٹی وی نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسے بے بنیاد الزامات نہیں دہرائے جائیں گے ۔
فیصلے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان کاکہناتھاکہ مجھے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے ایک لمبی قانونی جنگ لڑنا پڑی، دنیا ٹی وی سمیت دیگر ٹی وی چینلز نے سیاسی اور کاروباری مقاصد کے حصول کے لیے میری کردار کشی کی ، میں نے اپنی کتاب لکھنے کے لیے شہبازشریف سے کوئی پیسہ نہیں لیا، یہ بات انتہائی تکلیف دہ ہے کہ میڈیا کے ایک مخصوص طبقے نے اور پاکستان تحریک انصاف سے منسلک سیاستدانوں نے جانتے ہوئے بھی کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں، الزامات لگائے۔
ریحام خان کاکہناتھاکہ ان بے بنیادالزامات کی وجہ سے میری زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا، یقین ہے کہ میری جیت اور ثابت قدمی سے پاکستان میں اخلاقی صحافت ، ایماندار سیاست کو فروغ ملے گا، میری جیت پاکستان کی ان تمام خواتین کی جیت ہے جو مردانہ معاشرے سے کردار کشی کا شکار ہیں۔آخر میں انہوں نے قانونی جنگ لڑنے پر اپنے قانونی معاون کا بھی شکریہ اداکیا جنہوں نے انصاف کو یقینی بنایا۔

مزید :

قومی -برطانیہ -