پاک سعودی تعلقات اخوت،محبت اورایمان کےرشتے پرقائم ،مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے:الشیخ عبدالطیف آل الشیخ

 پاک سعودی تعلقات اخوت،محبت اورایمان کےرشتے پرقائم ،مستقبل میں مزید مضبوط ...
 پاک سعودی تعلقات اخوت،محبت اورایمان کےرشتے پرقائم ،مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے:الشیخ عبدالطیف آل الشیخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور الشیخ عبدالطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہپاک سعودی تعلقات اخوت، محبت اور ایمان کے رشتے پر قائم ہیں،پاکستان عالم اسلام کا عظیم ملک ہے ،سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مستقبل میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ ساجد میر نے وفد کے ہمراہ وزیر مذہبی امور سعودی عرب الشیخ عبدالطیف آل الشیخ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، سعودی وزیر نے پروفیسر ساجد میر کو سعودی عرب آنے پر خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک سعودی تعلقات اخوت، محبت اور ایمان کے رشتے پر قائم ہیں۔پاکستان عالم اسلام کا عظیم ملک ہے اور سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مستقبل میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔پاکستان اور سعودی عرب کے علماء کے درمیان تعلیمی، دعوتی اور اصلاحی جدوجہد کیلئے روابط کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جائے گا۔انہوں نے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی عظیم دینی و سیاسی خدمات کو سراہا، اور انکی دفاع حرمین شریفین کے جدوجہد کو قابل ستائش قرار دیا۔علامہ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے علماء کے مابین تعلقات نظریاتی اور باہمی اعتماد اور تعاون پر مشتمل ہے،حرمین شریفین کے دفاع،سلامتی اور استحکام کیلئےکسی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے۔انہوں نےکہا کہ سعودی عرب حرمین شریفین کی وجہ سے بہت زیادہ قابلِ احترام ہے،پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات بڑے مضبوط، گہرے اور تاریخی حیثیت کے حامل ہیں،سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوکر سچی دوستی کا ثبوت دیااور حال ہی میں جب پاکستان اقتصادی مسائل کا شکار رہا تو سب سے پہلے سعودی عرب نے پاکستان کو تعاون فراہم کیا،جس پرہم خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں،یقیناً سعودی حکومت عالم اسلام کیلئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتاہے،جس نےہروقت امت مسلمہ کودرپیش مسائل سے نمٹنےکیلئےمسلم ممالک کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آل سعود کی حرمین شریفین کیلئے تاریخی خدمات کو سنہرے حروف میں لکھا جائے گا،دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی۔ ملاقات میں امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث سعودی عرب مولانا عبد المالک مجاہد اور علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نائب امیر الشیخ قاری صہیب احمد میر محمدی اور احسان ساجد بھی ہمراہ تھے۔ بعدازاں سعودی وزیر کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔اس سے پہلے امیرجمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر وفد کے ہمراہ ریاض پہنچے تو ائیر پورٹ پر ان کا سرکاری سطح پر استقبال کیا گیا،جماعت کا وفد سعودی عرب میں اعلی سطحی ملاقاتیں کرے گا۔

مزید :

عرب دنیا -