نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے والوں کے پاس صرف3دن باقی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں 3دن باقی رہ گئے ہیں،اب تک 17 لاکھ 50 ہزار سے زائد درخواستیں وصول ہوچکی ہیں،درخواست فارم 15 نومبر 2019 تک وصول کئے جائیں گے۔
تفصیلات کےمطابق ترجمان نادرانےکہاہےکہ ملک بھرسے نیاپاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں اب تک 17 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد رجسٹریشن کروا چکے ہیں، ہاؤسنگ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے کی آخری تاریخ میں تین دن باقی ہیں۔ترجمان کے مطابق رجسٹریشن کرنیوالوں میں 672 خواجہ سرا،25 ہزار سے زائد بیوہ اور 6080طلاق یافتہ خواتین شامل ہیں،رجسٹریشن کرانیوالوں میں137859افراد کا تعلق کچی آبادی اور483359افراد کاتعلق مزدورطبقے سے ہیں۔نادرا کا کہنا ہے کہ لاہور سے 2لاکھ سے زائد افراد ، کراچی کے مختلف اضلاع سے173161افراد ، ملتان سے71,586 افراد، بہاولپور سے54,773 افراد نے رجسٹریشن کرائی جبکہ پشاور سے 41,464 افراد نے اپنا گھر پروگرام میں رجسٹریشن کرائی۔ترجمان نادرا کے مطابق درخواست فارم 15 نومبر 2019 تک وصول کئے جائیں گے جبکہ آن لائن رجسٹریشن 15 نومبر تک کسی بھی نادرا ای سہولت فرنچائز پر 250 روپے فیس کے ساتھ کروائی جا سکتی ہے۔یاد رہے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کا افتتاح وزیراعظم پاکستان عمران خان نے 15 جولائی 2019 کو کیا تھا،جس کے تحت غریب شہریوں کو اپنا گھر آسان قسطوں پر فراہم کیا جائے گا۔