جے یو آئی ف کا پلان بی سامنے آگیا ،اس منصوبے کے تحت کیا کیا جائے گا ؟افراتفری پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علما اسلام ف نے حکومت مخالف تحریک کے پلان بی کو حتمی شکل دے دی ہے۔ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہو نے والے اجلاس میں وفاقی حکومت کے خلاف آزادی مارچ اور دھرنے کی حالیہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔جے یو آئی ف کے پلان بی میں سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی اہم شاہراہیں ، روالپنڈی اور اسلام آباد میں اہم ترین مقامات پر لاک ڈاون بھی شامل ہے۔ اجلاس میں چاروں صوبائی امراءنے مولانا فضل الرحمان کے سامنے پلان بی سے متعلق اپنی تیاری اور آگے کے لائحہ پر بریفنگ دی، مولانا نے اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔پلان بی کی تشکیل کے بعد مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس بلا لیا ہے ۔