بیرون ملک نواز شریف صحت یاب ہوگئے تو یہ خود اُن کو پیغام بھیجیں گےکہ ۔۔۔حنا پرویز بٹ نے تہلکہ خیز دعویٰ کر دیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنمااور رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہایک طرف گورنر پنجاب اور وزیر صحت کہہ چکے ہیں کہ میاں صاحب کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں تو دوسری طرف وفاقی حکومت اور نیب اُن کے علاج میں ہر ممکن رکاوٹ ڈال رہے ہیں،یہ منافقوں کی حکومت ہے،کیا شبر زیدی اور زلفی بخاری کا ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے سیکیورٹی بانڈ کی ضرورت نہیں تھی؟بیرون ملک نواز شریف صحتیاب ہوگئے تو یہ خود اُن کو پیغام بھیجیں گےکہ پاکستان مت آؤ۔
تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹس کرتے ہوئے حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ جس نواز شریف نے اپنی بیٹی کے ہمراہ لندن سے واپس آ کر خود گرفتاری دی،اُس سے کہا جا رہا ہے کہ وہ بطور گارنٹی رقم جمع کرائیں کہ وہ واپس آئیں گے، بھائی یہ نواز شریف ہے مشرف نہیں،نواز شریف صحتیاب ہوگئے تو یہ خود ان کو پیغام بھیجیں گےکہ پاکستان مت آؤ۔اُنہوں نے کہا کہحکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ خود کو عدالت سے بالاتر سمجھتی ہے،نوازشریف کو عدالت نے ضمانت دی ہے تو حکومت کس قانون کے تحت ضمانت مانگ رہی ہے ؟جب میاں صاحب ابھی باہر پہنچے نہیں اور علاج بھی ابھی شروع ہوا نہیں تو ان کی واپسی کی کیسے تاریخ دی جا سکتی ہے؟۔حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ ہمارا پالا کس جاہل حکومت سے پڑ گیا ہے؟جب میاں صاحب کی ضمانت ہوئی تو اس وقت سیکیورٹی بانڈ جمع کرائے گئے اور لاہور ہائیکورٹ کےآخری پیرا گراف میں صاف صاف لکھا ہے کہ میاں صاحب اندرون اور بیرون ملک سے اپنی مرضی کا علاج کرا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کی حالت تشویشناک ہے، حکومت کیطرف سے اس وقت رکاوٹیں کھڑی کرنا انتہائی شرمناک ہے،حکومت اس وقت میاں صاحب کی صحت کیساتھ جو مذاق کر رہی ہے،اگر میاں صاحب کو کچھ ہوا تو اسکے ذمہ دار نااہل عمران اور اس کی حکومت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کیا شبر زیدی اور زلفی بخاری کا ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے سکیورٹی بانڈ کی ضرورت نہیں تھی؟ یہ خاص سلوک میاں صاحب کیساتھ کیوں؟ایسی کوئی مثال نہیں کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے حکومت نے زرضمانت طلب کیا ہو اور نہ ہی کوئی قانون اس بات کی اجازت دیتا ہے۔ حکومت کو کسی صورت شورٹی بانڈ جمع نہیں کروائے جا سکتے، یہ خلاف قانون ہے۔